تل ابیب: (ایجنسیاں) اسرائیل نے غزہ پر مکمل قبضہ کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے فلسطینیوں کو غزہ خالی کرنے کےلیے 12 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا۔
اسرائیلی فوجی ترجمان نے دھمکی دی ہے کہ اگلے 12 گھنٹے میں غزہ انکلیو ختم کر دیں گے، غزہ پر مکمل قبضہ کریں گے۔اسرائیلی فوجی ترجمان نے کہا ہے کہ غزہ سے لوگوں کو بے دخل بھی کیا جائے گا۔
مغربی کنارے میں کل سے اب تک 7 فلسطینی نوجوان جاں بحق ہوگئے۔
سطینی جنگجوؤں کی اسرائیل کے شہر عسقلان میں کارروائی کے دوران کم از کم 15 اسرائیلی ہلاک ہو گئے۔
حماس کے عسکری ونگ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کارروائی القسام بریگیڈ کے نیول کمانڈوز نے کی ہے۔
دریں اثنا میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ القسام بریگیڈ کے مطابق آج 5 اسپیڈ بوٹس میں نیول کمانڈوز سمندری راستے سے عسقلان میں داخل ہوئے اور وہاں اب بھی لڑائی جاری ہے۔۔
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے حملے میں اب تک اسرائیل کے سینئر فوجی افسر سمیت 500 سے زیادہ اسرائیلی مارے گئے ہیں۔
اسرائیل نے بریگیڈ کمانڈر سمیت 300 سے زیادہ اسرائیلیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، اسرائیلی پولیس کا کہنا ہےکہ حماس سے پہلے دن کی لڑائی میں 30اہل کار مارے گئے۔
اسرائیلی فوج کی غزہ پر وحشیانہ بمباری جاری ہے، اسرائیلی حملوں میں غزہ میں مارے جانے والے فلسطینیوں کی تعداد 313 ہو گئی، 2 ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔
غزہ کا دنیا سے رابطہ منقطع۔
غزہ میں اسرائیل کی جانب سے انٹر نیٹ کی بندش کے بعد لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ کے فلسطینیوں کو باقی دنیا سے رابطوں میں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق غزہ میں انٹر نیٹ سگنلز 50 فیصد سے بھی کم رہ گئے ہیں جس کے باعث مقامی افرادسخت پریشان ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے انٹر نیٹ کی بندش کی وجہ سے غزہ میں موجود میڈیا کو بھی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
0 Comments