Latest News

نئی نسل کو ملک و ملت کے لئے نفع بخش بنائیں، جمعیۃ علماء ہند کے تحت شیخ الہند ہال میں جاری ’مثالی اضلاع‘ کی ورکشاپ میں صدر جمعیۃ مولانا سید محمود مدنی کا خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
جمعیۃ علماءہند کی جانب سے مثالی معاشرہ کی تشکیل کے لئے چلائی جارہی مہم کے تحت عیدگاہ روڈ پرواقع شیخ الہند ہال میں مغربی یوپی اور اتراکھنڈ کے مثالی اضلاع کی سہ روزہ ورکشاپ منعقد کی گئی،جس میں جمعیة علماءہند کے ذریعہ منتخب کئے گئے مغربی یوپی کے مثالی اضلاع امروہہ، شاملی، باغپت، مظفرنگر، ہاپوڑ اور فیروز آباد جبکہ اتراکھنڈ کے دہریدوار اور دہرون دون کے جمعیة علماءہند کے ایکٹیو ممبران نے شرکت کی۔
مختلف نشستوں پر منعقد پروگرام میں دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی اور جمعیة علماءہند کے صدر مولانا سید محمود مدنی نے شرکاءکو قیمتی نصیحتوں سے نوازاتے ہوئے ملک و ملت کے لئے نفع بخش انسان بننے کی تلقین کی۔
ورکشاپ میں بنائے گئے دس گروپ کے تحت پیر اور منگل کے روز کردار سازی، شخصیت سازی، نفع بخش انسان بننے، صحت مند معاشرہ کی تشکیل، ملک و ملت کی فلاح و بہبود، نسل نو کو منظم بنانے اور تعلیم و تربیت کے میدان میں معاشرہ کے لئے عملی طورپر کام کرنے کے متعلق گروپ لیڈرز کے ذریعہ تربیت دی گئی، جبکہ آج تیسرے دن بھی تمام حاضرین کو تربیت دی جائے گی اور انہیں ان کی ذمہ داریاں سپرد کرکے تربیتی پروگرام کااختتام ہوگا۔

پروگرام کنوینر اور مغربی زون کے سکریٹری قاری ذاکر حسین مظفرنگری کے مطابق صالح معاشرہ کی تشکیل اور سماج میں تعلیمی و تربیتی نظام کو منظم بنانے اور نسل نو کو ملک و ملت کے لئے نفع بخش بنانے کے لئے جمعیة علماءہند نے صدر جمعیة مولانا سید محمود مدنی کی سرپرستی میں یہ مہم شروع کی ہے اور اسی کے تحت یہ سہ روز تربیتی پروگرام منعقد کیا جارہاہے۔ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے تعلیم و تربیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہاکہ تعلیم یافتہ اور ہنر مند سماج ہی ملک و ملت کی فلاح و بہبود کے لئے کار آمد ثابت ہوتاہے، اسلئے ہمیں تعلیمی و تربیتی نظام کومنظم کرنا چاہئے اور احکام خداوندی کے مطابق معاشرہ کے لئے نفع بخش انسان بننے کی کوشش کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ وقت میں نسل نوکو صحیح رہنمائی کی شدید ضرورت ہے، اگر نئی نسل بھٹک جاتی ہے تو پورا معاشرہ بگڑ جاتاہے اسلئے تمام حضرات کی یہ ذمہ داری ہے کہ نوجوان نسل کی صحیح رہنمائی کا فریضہ انجام دیں۔
جمعیة علماءہند کے صدر مولانا سید محمود مدنی نے اپنے خطاب کے دوران روحانیت پیدا کرنے اور دلوں صاف کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہاکہ یہ تربیتی پروگرام آپ لوگوں کو ملک وملت کے لئے مفید تر بنانے کے لئے منعقد کیاجارہے تاکہ آپ لوگ صحت مند معاشرہ کی تشکیل کا ذریعہ بن سکیں۔ مولانا مدنی نے تمام ممبران کو نصیحت کی کہ وہ جو ٹریننگ یہاں سے لیکر جارہے ہیں اپنے اپنے علاقوں میںعملی طورپر اس کے تحت کام کریں تاکہ ملک و ملت کو اس کا فائد پہنچ سکے۔ انہوں نے خاص طورپر تعلیم کی اہمیت وا فادیت پرزور دیتے ہوئے کہاکہ تعلیم یافتہ نسل ہی معاشرہ کی ترقی کی بنیاد ہوتی ہے اسلئے تعلیمی مہم کو مضبوط اور منظم بنائیں تاکہ نئی نسل کو ملک و ملت کی خدمت کے لئے تیار کیا جاسکے۔ 
قبل ازاں پروگرام کا آغاز تلاوت کلام اللہ سے ہوا اور جمعیة علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے نشست اول کی نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے اس ورکشاپ کی اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ تربیتی کیمپ میں دارالعلوم دیوبند کے استاذ مولانا عمراللہ قاسمی، مولانا ساجد فلاحی، محمد ساجد قریشی، مفتی ذاکر قاسمی حسین، مولانا یاسین جہازی، مولانا شعیب، مولانا حسین ندوی، مولانا معظم عارفی، مولانا غیور احمد وغیرہ نے اصلاح معاشرہ، خدمت خلق، جمعیة علماءاوپن اسکول، محاسبہ ایمان، سوشل میڈیا، جمعیة یوتھ کلب، دینی تعلیمی بورڈ، موڈل ولیج جیسے عناوین پر خطاب کیا اور تربیتی فرائض انجام دیے۔ 
کیمپ کے منتظمین میں جمعیة علماءہند کے ضلع جنرل سکریٹری سید ذہین احمد، ضلع سکریٹری مولانا محمد ابراہیم قاسمی، مولانا سرتاج احمد، قاری ایوب، قاری دلشاد، چودھری صادق، سرور چودھری، گلشن تیاگی، ہارون تیاگی، محمود احمد صدیقی، محمد فہیم، بلال احمدوغیرہ کے نام شامل ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر