دیوبند: سمیر چودھری۔
جمعیة علماءشہر دیوبند کے زیر انتظام جاری ہفتہ واری اصلاح معاشرہ کا پروگرام گزشتہ شب بعد نماز عشاءمحلہ گوجر واڑہ میں شہر نائب صدر چودھری محمد صادق کی رہائش گاہ پر گیا،جس میں موجودہ دور میں پھیل رہی معاشرتی برائیوں پر علماءکرام نے گفتگو کی اور ان کے سدباب کے لئے ہر ممکن جدوجہد اور تعاون کی اپیل کی۔
اس موقع پر جمعیة علماءشہر صدر مولانامفتی محمد شاکر قاسمی نے کہا کہ اگر ہم اسلامی نظام حیات کو نافذ نہیں کریں گے تو معاشرہ برائیوں کی آماجگاہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ بیواوں کی شادیاں کی فکر کرنا ہماری معاشرتی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، طلاق کے بڑھتے ہوئے معاملات بتاتے ہیں کہ ہم نے معاشرہ میں اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چھوڑ دیا ہے، اگر ہم اپنا کردار ادا کرتے رہیں تو گھریلو معاملات تفریق تک کم پہنچیں ۔انہوں نے موجودہ دور میں لڑکے اور لڑکیوں میں پھیل رہے ارتداد پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور اسلامی شعائر سے لاعلمی جہاں ارتداد کی بنیادی وجہ ہے وہیں وقت پر شادی نا کرنا بھی اس مسئلے کو جنم دینے والی وجوہات میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ مشترکہ طور پر اس سلسلے میں منظم تحریک چلائیں اور وقت پر شادی کے سلسلے کو عام کریں اگر ہم نے وقت رہتے ایسا نہیں کیا تو ارتداد کے اس فتنے کو روکنا ہمارے لیے مشکل ہوگا۔انہوں نے والدین سے خطاب کرتے ہوئے اپنے بچوں کے ذہنوں میں تعلیمات نبوی کو راسخ کریں اس کی تربیت کے لئے وقت نکالیں اسے دینی مکاتب سے جوڑیں ورنہ وہ فکری اور تہذیبی یلغار کا شکار ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محلہ اور گاوں کے نوجوان اپنے محلے کا سروے کریں اور اس کے بعد منظم طور پر ہر ایک کے لیے اہل محلہ فکر مند ہوں۔انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ اسکول اور کالج میں پڑھنے والے طلباءاور طالبات کو جزوقتی دینی مکاتب سے ضرور جوڑیں یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
قبل ازیں پروگرام کے کنوینر مولانا محمود الرحمن قاسمی نے پروگرام کی تفصیلات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انشاءاللہ جمعیة علماءشہر دیوبند کے تحت ہر ہفتے کسی نے کسی محلے میں دینی پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا اور ہماری کوشش ہوگی ہم نوجوان نسل کو بے راہ روی سے بچانے کی حتی المقدور کوشش کریں۔صدارت چودھری صادق اور نظامت مولانامحمد الرحمن نے کی۔پروگرام کا آغاز قاری ابوذر قاسمی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اور اختتام مفتی محمد شاکر قاسمی کی دعا پرہو۔اس موقع پر جمعیت علماءضلع سہارنپور کے جنرل سکریٹری سید ذہین احمد، حاجی نسیم ڈیلیکس ٹینٹ ہاوس، وسیم ممبر، محمد بلال، محمد فہیم، گلشن تیاگی، صادق صدیقی، چودھری سرور وغیرہ کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگ موجود رہے۔
0 Comments