Latest News

فلسطین میں اپنی ظالمانہ کارروائی سے باز آئےاسرائیل: دارالعلوم دیوبند۔ آبادی، مساجد اور اسپتالوں پر مسلسل بم برسائے جانے کی شدید مذمت، عالمی برادری سے مداخلت کا مطالبہ، رابطہ مدارس کے اجلاس میں فلسطین، تدریب المعلمین اورارتدادی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق اہم تجاویز منظور۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
عظیم علمی دانش گاہ دارالعلوم دیوبند میں کل ہندرابطہ مدارس اسلامیہ دارالعلوم دیوبند کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کی مہمان خانہ میں منعقد دوسری نشست میں نظامِ تعلیم وتربیت کی بہتری واستحکام،تدریب المعلمین کا نظام، اصلاحِ معاشرہ کی جدوجہد، بڑھتے ہوئے ارتدادی سرگرمیوںکی روک تھام، ملک میں منظم مکاتب کے قیام کی تحریک وغیرہ سے متعلق اہم فیصلے لیے گئے۔اجلاس میں موجود ملک بھر سے تشریف لائے ہوئے مرکزی مجلس عاملہ کے ارکان ومدعووین خصوصی کوخطاب کرتے ہوئے دارالعلوم دیوبند کے صدرالمدرسین مولانا سید ارشدمدنی صدر جمعیة علماءہندنے توجہ دلائی کہ نظام تعلیم میں پختگی کے لیے ضروری ہے کہ ذمہ داران مدارس عربی درجات کے ابتدائی تین سالوں کی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں اور دارالعلوم دیوبند کے نہج پر ابتدائی جماعتوں میںپڑھانے والے مدرسین کو تربیت دی جائے۔کل ہند رابطہ مدارس کے ناظم عمومی مولانا شوکت علی قاسمی بستوی نے مجلس عاملہ کے اس اجلاس میں فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت وبربریت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تجویز بھی پیش کی جو اتفاق رائے سے منظور کی گئی،تجویز میں فلسطین میںاسرائیل کی وحشیانہ بم باری،غزہ کے ہزاروں معصوم باشندگان کی حتی کہ بچوں اور خواتین کی مسلسل ہلاکت،غذا، پانی ، ادویات اور بجلی کا انقطاع اور شہری علاقوں،مسجدوں، اسپتالوں پر مسلسل بم برسائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ ظالم وغاصب اسرائیل کو پابندکیا جائے کہ وہ اپنی ظالمانہ کارروائی،غزہ سے لاکھوں بے قصور ومظلومین کے انخلاءاور مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی سے بازآئے،فلسطینیوں کے زمینوں پر اسرائیل کاغاصبانہ قبضہ ختم کرایا جائے اور فلسطینی عوام کے شہری اور انسانی حقوق بحال کیے جائیں۔ ملک کے حکمراں طبقے سے بھی اپیل کی گئی کہ فلسطین کے تئیں ہندوستان کی سابقہ پالیسی پر کاربند رہا جائے، فلسطینیوں کی حمایت کی جائے۔اسرائیل کی جارحیت وبربریت اور امریکہ وبرطانیہ وغیرہ کی اسرائیل نوازی کی پُرزور مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ (الف) خودمختار آزاد فلسطینی ریاست کے قیام میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں۔(ب)غزہ اور فلسطین کے بے قصور وبے گھر عوام پر مظالم بند کیے جائیں اور ان کی بازآبادکاری کا معقول انتظام کیا جائے۔ (ج) اقوام متحدہ اور عالمی برادری اسرائیل سے عرب مقبوضہ علاقوں کو فورًا خالی کرائے۔اجلاس میں یوپی کے چار ہزار مدرسوں کی پھر چانچ ہونے پر مولانا نعمت اللہ اعظمی نے تشویش کا اظہار کیا، مولانا رحمت اللہ میر قاسمی نے نظام تعلیم پر اظہار خیال فرمایا،مولانا محمود حسن کھیروی نے اساتذہ کی تربیت پر زور دیا، مولانا محمد عاقل گڈھی دولت نے حفظ وتجوید کے اساتذہ کی تربیت پر گفتگو کی، مولانا مجیب اللہ گونڈوی نے طلبہ کی استعداد سازی پر زوردیا، مولانامفتی محمد راشد اعظمی، نائب مہتمم دارالعلوم دیوبند نے مدارس اسلامیہ عصری تعلیم کے نظام پر اظہار خیال کیا اورمولانا مفتی محمد صالح مظاہری نے طلبہ ¿ مدارس کی فکری تربیت پر زور دیا ، مولانا حسین احمد نے امتحان کے نظام پر اظہار خےال کی۔مفتی ابوالقاسم نعمانی کی زیرِ صدارت میں منعقد اس نشست کا آغاز قاری محمد ارشاد کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ نظامت کے فرائض ناظم عمومی رابطہ مولانا شوکت علی قاسمی بستوی نے انجام دیئے اور صوبائی شاخوں کی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا، اور مہمان کرام کا شکریہ ادا کیا، مولانا سید ارشد مدنی کی دعا ءپر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر