Latest News

پی ایم مودی کے لئے 'پنوتی' اور 'جیب کترے' جیسے الفاظ کا استعمال کرنے پر الیکشن کمیشن کا راہل گاندھی کو نوٹس، ہفتہ تک جواب طلب۔

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کو 'پنوتی' کہنے پر الیکشن کمیشن نے کانگریس کے رہنما راہل گاندھی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ میڈیا کے مطابق الیکشن کمیشن نے جمعرات کو کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو وزیر اعظم نریندر مودی کو 'پنوتی' (منحوس) اور 'جیب کترا' کہنے پر نوٹس جاری کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے نوٹس میں کہا گیا ہے وزیر اعظم کو 'جیب کترا' کہنا اور ان کے خلاف لفظ 'پنوتی' کا استعمال کرنا سیاسی پارٹی کے ایک بہت ہی سینیئر لیڈر کے لیے غیر مناسب ہے۔
الیکشن کمیشن نے راہل گاندھی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہفتہ کی شام 6 بجے تک جواب جمع کروائیں اور وضاحت پیش کریں کہ ان کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کیوں نہ کی جائے۔

واضح رہے کہ اتوار کو آسٹریلیا احمد آباد میں ون ڈے ورلڈکپ کے فائنل میں میزبان ٹیم بھارت کو 6 وکٹوں سے ہرا کر چھٹی بار کرکٹ کا عالمی چیمپئن بنا تھا۔

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان فائنل دیکھنے بالی وڈ اداکاروں سمیت وزیر اعظم نریندر مودی بھی خصوصی طور پر احمد آباد کے نریند مودی اسٹیڈیم پہنچے۔ وزیر اعظم کو امید تھی کہ بھارت ورلڈکپ جیتے گا اور وہ اپنے ہاتھوں سے روہت شرما کو ورلڈکپ کی ٹرافی دیں گے لیکن نریندر مودی کی یہ خواہش پوری نہ ہوسکی۔

آسٹریلیا سے فائنل ہارنے پر جہاں شائقین مایوس ہیں وہیں کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے وزیر اعظم کی گراؤنڈ میں موجودگی پر نریندر مودی کو پنوتی قرار دیا۔ میڈیا کے مطابق منگل کو راجستھان میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے نریندر مودی پر طنز کیا اور کہا کہ ' اچھے بھلے ہمارے لڑکے وہاں پر ورلڈ کپ جیت جاتے لیکن 'پنوتی' نے ہروا دیا'۔ دوسری جانب بی جے پی نے راہل گاندھی کے وزیراعظم نریندر مودی سے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہوئے ان پر شدید تنقید کی اور ان کے خلاف شکایت درج کروائی تھی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر