دیوبند کے ایک ڈاکٹر سے تاوان طلب کرنے اور گولی مارنے کے الزام میں بدنام زمانہ مجرم نیرج بوانہ کو بدھ کے روز دیوبند اے ڈی جے کورٹ میں پیش کیا گیا۔ نیرج بوانہ کو دہلی کی تہاڑ جیل سے دیوبند لایا گیا تھا، اس کی عدالت میں پیشی کے وقت کچہری کا پورا حاطہ چھاﺅنی میں تبدیل کر دیا گیا۔ اس موقع پر تمام وکیلوں کو یہ ہدایت جاری کی گئی کہ وہ مذکورہ سماعت کے دوران اپنے اپنے چیمبر میں رہیں۔ واضح ہو کہ بدنام زمانہ مافیا سرغنہ نیرج بوانہ نے 2017 میں دیوبند کے ایک معروف معالج ڈاکٹر سے رنگداری دینے کے لئے فون کیا اور رنگداری نہ دینے کی صورت میں گولی ماردی تھی،حالانکہ فائرنگ میں ڈاکٹر بال بال بچ گئے تھے۔ آج اسی معاملہ میں مجرم نیرج بوانہ کو اے ڈی جے کورٹ میں دفعہ 307کے تحت درج مقدمہ میں پیشی پر لایا گیا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ نیرج بوانہ کو دہلی کی تہاڑ جیل سے سخت حفاظتی بند و بست کے ساتھ کورٹ میں پیش کیا گیا۔ مذکورہ ملزم کے لئے حفاظتی بند و بست اتنے سخت تھے کہ عدالت کے احاطہ میں کسی کو آمد و رفت کی اجازت نہیں تھی اور عدالت کے احاطہ کو چھاﺅنی میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔ عدالتی احاطہ میں اس طرح کے سخت حفاظتی بند و بست دیکھ کر لوگوں میں تجسس پیدا ہو گیا اور عدالت کے باہر سڑک پر لوگوںکا ہجوم جمع ہو گیا۔ عدالت میں پیش کرنے کے بعد پولیس اس کو واپس تہاڑ جیل لے گئی۔ اس کیس کی پیروی کرنے والے امت پنڈیر ایڈوکیٹ نے بتایا کہ سال 2017میں شہر کے ایک مشہور و معروف ڈاکٹر سے تاوان طلب کرنے اور نہ دینے کی صورت میں گولی مار نے کا مقدمہ دیوبند اے ڈی جے کورٹ میں زیر سماعت ہے، جس کے ملزم نیرج بوانہ کو دہلی کے تہاڑ جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔
0 Comments