Latest News

ہریانہ و ہماچل میں مربوط مدارس کے اجتماعی امتحان کی تجویز منظور، مدارس کا سروے بھی ہوگا، تعلیم کے ساتھ طلبہ کی تربیت انتہائی ضروری ہے۔ دارالعلوم امدادیہ گڑھی یمنا نگر میں منعقد اجلاس تدریب المعلمین میں علماءکرام کا خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
رابطہ مدارس اسلامیہ دارالعلوم دیوبند شمالی ہریانہ و ہماچل کے تحت ایک روزہ اجلاس تدریب المعلمین دارالعلوم امدادیہ گڑھی یمنا نگر میں منعقد ہوا ، جس کی صدارت رابط مدارس شمالی ہریانہ و ہماچل کے صدر محترم مولانا علی حسن مظاہری نے کی۔
اجلاس سے قبل رابطہ مدارس اسلامیہ شمالی ہریانہ و ہماچل کے ارکان مجلس تعلیمی کی میٹنگ ہوئی جس میں رابطہ مدارس کے تحت پورے ہریانہ و ہماچل میں مدارس کے اجتماعی امتحان کے تعلق سے منصوبے بنائے گئے اور پورے ہریانہ و و ہماچل میں اس امتحان کے لئے دس سینٹر بنائے گئے اور ہر سینٹر کے لئے نگراں امتحان اور دو دو ممتحن متعین کئے گئے ،ان امتحانات کے لئے 12،13،14، فروری 2023 کی تاریخیں متعین کی گئیں، اسی کے ساتھ تمام مربوط مدارس کی زمینی حقیقت اور صحیح صورت حال معلوم کرنے کے لئے سروے کی تجویز بھی منظور کی گئی اور اس اہم کام کے لئے تین تین نفری دوکمیٹیاں تشکیل کی گئیں ،یہ کمیٹی ماہ رجب کے آخر تک تمام مربوط مدارس کا سروے کرکے اپنی رپورٹ صوبائی دفتر میں پیش کریں گی، اس موقع سے ناظم اجلاس اور رابطہ مدارس شمالی ہریانہ و ہماچل کے جنرل سکریٹری مولانا عبداللہ خالد قاسمی خیرآبادی نے بیس سوالات پر مشتمل ایک سروے فارم میٹنگ میں پیش کیاجس کی روشنی میں یہ سروے کیا جائے گا، ارکان مجلس نے اتفاق رائے سے اس فارم کو منظوری دی ،رابطہ کے نظام کو مزید فعال بنانے کے لئے اور بھی متعدد تجاویز منظور کی گئیں۔
اِس اجلاس کے بعد رابطہ مدارس شمالی ہریانہ و ہماچل کے صدر مولانا علی حسن مظاہری کی صدارت میں تدریب المعلمین کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تقریباً تمام مربوط مدارس کے ذمہ داران اور دو دو اساتذہ نے شرکت کی ،نظامت سکریٹری رابطہ مولانا عبداللہ خالد قاسمی خیرآبادی نے کی جبکہ دارالعلوم امدادیہ کے مدرس مولانا مسرور کی تلاوت سے اس کا آغاز ہوا ،مہمانا ن کرام کی خدمات میں ناظم اجلاس نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی مولانا شوکت علی قاسمی بستوی ناظم عمومی کل ہند رابطہ مدارس دارالعلوم دیوبند نے کہا کہ اس وقت بچوں کی تربیت کی ضرورت پہلے سے زیادہ ہے ،صحیح تعلیمی اصولوں کے مطابق ان کو تعلیم دی جائے ،ان کے ساتھ شفقت و محبت سے پیش آئیں ،جب ہی آپ کی تعلیم موثر ہوگی ۔جامعہ مظاہرعلوم کے امین مولانا مفتی سید محمد صالح الحسنی نے معلمین مدارس کو مخاطب کرکے کہا کہ تعلیم اور طریقہ  تعلیم میں اپنے اساتذہ اور بزرگان ملت کے طریقہ کو اسوہ اور نمونہ بنانا ہوگا ۔گجرات سے تشریف لائے مہمان محترم مولانا مفتی امتیاز احمد نے سیرت النبی کے واقعات کی روشنی میں طلبہ اور بچوں کو پڑھانے اور انھیں آگے بڑھانے کے طریقوں کی جانب رہنمائی فرمائی اور کہاکہ اساتذہ طلبہ پر غصہ ،مارپیٹ،اور بے جا دھمکانے سے احتیاط کریں۔
دارالعلوم دیوبند کے شعبہ حفظ کے استاذ مولانا قاری صغیر احمد نے نورانی قاعدہ اور پھر حفظ کی تعلیم کے اصول و مبادی پر گفتگو کی اور طریقہ تعلیم اور انداز تعلیم کو مزید سنوارنے اور نکھارنے کے طریقوں کی جانب رہنما ئی کی۔صدر اجلاس مولانا علی حسن مظاہری کے کلمات تشکر اور انھیں کی دعاءکے ساتھ یہ اجلاس اختتام کوپہنچا، دارالعلوم امدادیہ کے اساتذہ و ملازمین بالخصوص حافظ مطلوب حسن نگراں معلمین مکاتب، معاون ناظم حافظ محمد احمد رشید، مولانا عبدالمالک مظاہری، مولانا مسرور، ماسٹر وسیم احمد، حافظ محمد تعریف، قاری محمد منتظر، قاری فرید احمد وغیرہ نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر