Latest News

دارالعلوم دیوبند کے طلبہ کی انجمن ’النادی الادبی‘ کا ششماہی پروگرام منعقد، قضیہ فلسطین پر پیش کیا مکالمہ، اساتذہ کی طلبہ کو قیمتی نصیحتیں۔

دیوبند:سمیر چودھری۔
ام المدارس دارالعلوم دیوبند کے طلبہ کی متحرک و فعال ’انجمن النادی الادبی‘ کے ششماہی پروگرام کا انعقاد گزشتہ شب قدیم دارالحدیث میں کیاگیا، جس میں اساتذہ و طلبہ نے شرکت کی۔ 
اجلاس کی صدارت استاذ حدیث مولانا مفتی محمد سلمان منصورپوری نے کی جبکہ نظامت کے فرائض شعبہ عربی ادب کے طالبعلم مولوی محمد اسماعیل اور مولوی محمد ناصح کیرانوی نے مشترکہ طورپر انجام دیئے۔ پروگرام کا آغاز مولوی جابر احمد کریم گنجی کی تلاوت کلام اللہ اور مولوی محمد عفان مرادآبادی کی نعت پاک سے ہوا۔ اس دوران طلبہ نے” قضیہ فلسطین اوراقوام متحدہ کا کردار“ کے عنوان پر شاندار تاریخی مکالمہ پیش کیا، طلبہ کے ذریعہ پیش کی گئی عربی بیت بازی سے بھی سامعین محظوظ ہوئے۔
اس موقع پر انجمن کے نگراں مولانا مفتی ساجد نے اپنے خطاب کے دوران طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے عربی زبان وا دب کی دینی و دنیوی اہمیت اور دیگر زبانوں کے درمیان عربی زبان کی فضیلت پر خطاب کیا۔ مولانا فہیم الدین بجنوری نے فلسطین کی تاریخ کی حوالہ سے نہایت مفصل بیان کیا اور قرآنی آیات کے حوالہ سے ثابت کیا کہ یہودیوں کی سرشت میں مکرو کید داخل ہے، ان کا ضمیر ظلم، مکاری، دغابازی اور عہد شکنی سے اٹھاہے، جس کا قرآن حکیم میں صاف ذکر ہے۔
تحصص فی الحدیث کے استاذ مفتی عبدالرزاق امروہوی نے عربی زبان میں علماءدیوبند کے کارناموں کے حوالہ سے پرُ مغز خطاب کیا۔ آخر میں مفتی سلمان منصورپوری نے اپنے صدارتی خطاب میں قرآن کریم کی روشنی میں طلبہ کو نہایت قیمتی نصیحتوں سے نوازا اور پروگراموں کے انعقاد کے لئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں عربی زبان بولنے ولکھنے کی مسلسل مشق رکھنے کی ہدایت کی۔ صدر مجلس کی دعاءپر پروگرام اختتام پذیر ہوا۔
واضح رہے کہ ’النادی الادبی‘ دارالعلوم دیوبند کے طلبہ کی معروف عربی انجمن ہے، جس کے تحت طلبہ عربی زبان میں مہارت حاصل کرتے ہیں اور دیواری پرچوں کے ذریعہ لکھنے کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرتے ہیں۔ ہر سال کثیر تعداد میں طلبہ اس انجمن سے وابستہ ہو کر اپنی تحریرو تقریر میں مہارت حاصل کرتے ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر