Latest News

ساری دنیا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کی محتاج ہے: مولانا اطہر حقانی ندوی, دار التدریب الاسلامی میں پوزیشن لانے والے مساہمین کو تشجیعی اور عمومی انعامات سے سرفراز کیا گیا.

دیوبند: سمیر چودھری.
سہارنپور معروف دینی درسگاہ دار التدریب الاسلامی میں شعبہ پرائمری کے طلبہ و طالبات کے درمیان مسابقہ سوالات سیرت کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں 53 طلباءو طالبات نے شرکت کی، ان طلبہ و طالبات کو وسطی اور سفلی دو گروپوں میں تقسیم کر کے مسابقہ کرایا گیا تمام طلباءو طالبات کی کارکردگی عمدہ اور بہتر رہی وسطی گروپ میں سمیہ بنت محمد شہزاد متعلمہ درجہ سوم آسیہ بنت محمد عمران متعلم درجہ سوم ثناءبنت محمد اصغر متعلمہ درجہ چہارم نے بالترتیب اول دوم اور سوم پوزیشن حاصل کی سفلہ گروپ میں عفیفہ بنت عبدالماجد متعلمہ یو کے جی عبدالصمد بن محمد فرقان متعلم درجہ اول مریم بنت عبدالکریم متعلمہ درجہ اول نے بالترتیب اول دوم اور سوم پوزیشن حاصل کی پوزیشن حاصل کرنے والے تمام طلبہ و طالبات کو ٹرافی مڈل اور نقد انعام سے نوازا گیا ۔اس کے علاوہ دیگر تمام مساہمین کو بھی تشجیعی اور عمومی انعامات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر ایک پروقار تقریب مدرسے کے ناظم مولانا محمد اطہر حقانی ندوی کی صدارت میں منعقد ہوئی، جس کی نظامت مفتی عبدالماجد نے انجام دی،حکم کے فرائض مولانا محمد عبداللہ ندوی اور قاری عبدالقادر مظاہری نے انجام دیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا اطہر حقانی نے کہا کہ نسل نو کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ اور آپ کی تعلیمات سے متعارف کرانا وقت کی انتہائی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات کا ماخذ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات گرامی ہے انہیں کی نورانی ذات سے پوری دنیا مستنیر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حب رسول کے تقاضوں کو پورا کیے بغیر کوئی آدمی کامل مومن نہیں ہو سکتا اور ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ آپ کی تعلیمات اور آپ کے مبارک طریقوں سے روشناس ہوکر پوری دنیا میں اس کی اشاعت کرے ۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کی محتاج ہے آپ کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی دنیا میں امن و امان اور کامیابی کی راہیں طے کی جا سکتی ہیں۔ اس موقع پر قاری محمد سبحان کاشفی، مولانا فرمان مظاہری ،مولانا عبدالباسط ندوی، مولانا محمد نوازش قاسمی، قاری محمد توصیف رحیمی، مولانا محمد شاداب کاشفی، قاری محمد مقیم ناظمی،قاری ضیاءالرحمن اور مدرسے کے جملہ معلمین و معلمات نے شرکت کی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر