دیوبند: سمیر چودھری۔
کانگریس کی ’یوپی جوڑو یاترا‘ کا آج یہاں دیوبند پہنچنے پر مختلف مقامات پر زور دار استقبال کیاگیا، اس دوران کانگریس کے صوبائی صدر اجے رائے نے بی جے پی پر جھوٹے وعدے کرکے عوام کو گمراہ کرکے الیکشن لڑنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی وعدوں سے پیچھے ہٹنا بی جے پی قیادت کی عادت ہے،انہوں نے کہاکہ کانگریس نے ہمیشہ اپنے وعدوں کو نبھایا ہے اور ہمارے لیڈرراہل گاندھی دبے کچلے اور پسماندہ طبقات کی مضبوط آواز ہیں۔
جمعرات کی دوپہر کانگریس کے ریاستی صدر اجے رائے کی قیادت میں دیوبند پہنچی کانگریس کی ’یوپی جوڑو یاترا‘ کا مدرسہ اصغریہ سے متصل بھائیہ روڈ پرکانگریسیوں نے پھول مالاو ¿ں سے زوردار استقبال کیا۔ اس کے بعد یہ یاترا پٹھانپورہ، بیرون کوٹلہ ،اردو دراوزہ،خانقاہ چوک ہوتے ہوئے مسجد رشید سے متصل اسپرنگ ڈیل اسکول پہنچی، جہاں اسکول چیئرمین و کانگریسی لیڈر سعد صدیقی و دیگر نے اجے رائے و دیگر لیڈران کا گلدستے دے کر و پگڑی پہناکر زور دار استقبال کیا۔ اس موقع پر متعدد شخصیات اور خواتین نے اجے رائے سے کئی سوالات کئے ،جس کے جواب میں اجے رائے نے کہاکہ کانگریس نے ہمیشہ غریب مظلوموں اور دبے کچلے و پسماندہ طبقات کی آواز اٹھانے کا کام کیاہے، سی اے اے اور این آر سی کی مخالفت کرنے میں راہل گاندھی ہمیشہ آگے رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے خوف اور نفرت کا ماحول بنایا جبکہ کانگریس نے تمام طبقات کو مساوق حقوق اور آزادی کا حق دیاہے۔ اجے رائے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی الیکشن جیتنے کے لیے عوام سے جھوٹے وعدے کرکے الیکشن جیتتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہال میں ہی تین ریاستوں میں ہوئے انتخابات میں راجستھان میں 450 روپے اور چھتیس گڑھ میں 500 روپے کا گیس سلنڈر فراہم کرنے کا انتخابی وعدہ کیا گیا تھا۔ لیکن الیکشن جیتنے کے بعد اب وہ اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹ گئے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں جو پارٹی اقتدار میں ہے وہ مختلف ریاستوں میں مختلف قیمتوں پر سلنڈر دینے کااعلان کیسے کرسکتی ہے؟یہ ملک کے عوام کے ساتھ مذاق ہے، کیونکہ قیمت کبھی بھی انفرادی طور پر طے نہیں ہوتی۔ وہیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اجے رائے نے کہا کہ کانگریس یوپی میں’ انڈیا‘ اتحاد کے ساتھ لڑے گی۔ سیٹو کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس کا فیصلہ قومی قیادت کرے گی، انہوں نے کہاکہ وہ ایک مرتبہ پھر وارانسی سے پی ایم مودی کے سامنے الیکشن لڑینگے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہمیں راجستھان، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں جیت نہیں ملی لیکن پارٹی نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اوربی جے پی سے زیادہ ووٹ ملے ہیں۔
اس دوران اسکول چیئرمین سعد صدیقی نے خطاب کیا اور دیوبند کی تاریخ کے حوالہ گفتگو کرتے ہوئے حضرت شیخ الہند ؒ اورمہاتما گاندھی کی قربانیوں اور ملک کی آزادی میں و کانگریس کی بنیاد میں دیوبند کی خدمات کا ذکر کیا۔
اس سے قبل اجے رائے نے جمعیۃ علماءہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ان کی چھوٹی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔
بعد ازیں یاترا دارالعلوم چوک، بڑضیاءالحق، اسٹیٹ ہائیوے اور سانپلہ روڈ ہوتے ہوئے کوہِ نور پیلیس پہنچی ،جہاں منعقد پروگرام کے بعدیہ یاترا مظفرنگر کے پور قاضی کے لئے روانہ ہوگئی۔ اس دوران سابق ایم ایل اے عمران مسعود، کانگریس ضلع صدر چودھری مظفرعلی، فیروز آفتاب، پی سی سی ممبر راحت خلیل، شہر صدر تنظیم صدیقی، سلیم احمد عثمانی، شایان مسعود، لئیق انصاری، افضال قریشی، ریحان قریشی، وریام خاںسمیت کافی تعداد میں کانگریسی کارکنان اور لیڈران موجودرہے۔
0 Comments