بھوپال: مدھیہ پردیش میں وزیراعلیٰ کا عہدہ کون سنبھالے گا اس کو لیکر کئی دنوں سے جاری قیاس آرائیاں آج ختم ہوگئی ہیں۔ ایم پی لیجسلیچر پارٹی میٹنگ میں موہن یادو کے نام پر اتفاق رائے ہوگیا ہے اور اب وہ ایم پی کے نئے وزیراعلیٰ ہوں گے۔ موہن یادو جنوبی اجین سے رکن اسمبلی ہیں۔ جبکہ جگدیش دیوڑا اور راجیندر شکلا کو نائب وزیراعلیٰ بنایا گیا ہے۔ نریندرسنگھ تومر ایم پی اسمبلی کے اسپیکر ہوں گے۔موہن یادو نے ۲۰۲۳کے ایم پی اسمبلی انتخابات میں جنوبی اجین سیٹ سے ۹۵۶۹۹ووٹ حاصل کیے تھے اور انھوں نے کانگریس کے چیتن پریم نارائن یادو کو بارہ ہزار سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی۔ وہ پہلی بار ۲۰۱۳میں ایم ایل اے بنے تھے۔قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کے اس بڑے سیاسی اقدام، جس میں ایک ہفتہ سے زیادہ کا وقت لگ گیا، نے شیوراج سنگھ چوہان کے دور کے خاتمہ کا اعلان تھا۔ کیونکہ شیوراج وزیراعلیٰ عہدے کی دوڑ میں سب سے آگے تھے۔ شیوراج چار مرتبہ ۲۰۰۵، ۲۰۰۸، ۲۰۱۳اور ۲۰۲۰میں وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے منتخب ہوئے تھے۔واضح رہے کہ مدھیہ پردیش کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے اکثریت حاصل کی تھی۔ ریاست میں جہاں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان سخت مقابلہ بتایا جا رہا تھا۔ وہاں کانگریس کا صفایا ہوگیا۔ مدھیہ پردیش میں بی جے پی نے بغیر وزیراعلیٰ کے چہرے کے ۱۶۳سیٹیں جیتی تھیں جب کہ کمل ناتھ کے چہرے پر لڑنے والی کانگریس صرف ۶۶سیٹوں پر سمٹ گئی تھی۔
0 Comments