نئی دہلی: راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے ہر جمعہ کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں آدھے گھنٹے کا اضافی وقفہ کو ختم کر دیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینیئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا کہ فرقہ وارانہ رواج کی آئینی مزاج کے ساتھ اصلاح ایک قابل ستائش قدم ہے۔ راجیہ سبھا کی جانب سے جمعہ کی نماز کی تعطیل کا وقفہ ختم کرنے کے بارے میں صحافیوں کے سوال کے جواب میں پارلیمانی امور کے سابق وزیر نقوی نے کہا کہ بھارتی آئین کا سیکولرازم دیباچہ حکومت یا پارلیمنٹ میں کسی فرقہ یا عقیدے کو کوئی خاص رعایت دئے جانے کے خلاف ہے۔ نقوی نے مزید کہا کہ نماز پر کوئی پابندی نہیں ہے، نماز کے لیے پارلیمانی تعطیل کے وقفے کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اس آئینی اصلاحات پر فرقہ وارانہ حملہ درست نہیں۔ دراصل آج کل پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس جاری ہے اور گزشتہ جمعہ یعنی ۸دسمبر کو راجیہ سبھا کی کاروائی ڈھائی بجے کے بجائے دو بجے ہی شروع کر دی گئی۔ راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے جمعہ کو کہا کہ لوک سبھا کے شیڈول کے مطابق ایوان بالا میں لنچ کے بعد کے اجلاس کا وقت بھی دوپہر ڈھائی سے ختم کرکے دوبجے کر دیا گیا ہے۔ اس سے پہلے لوک سبھا میں کھانے کے وقفے کے بعد ایوان کی کارروائی دوپہر 2 بجے اور راجیہ سبھا میں ڈھائی بجے شروع ہوتی تھی۔ راجیہ سبھا میں ۳۰منٹ کا اضافی وقفہ تھا۔ اب لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں ایوانوں میں کارروائی کا وقت ایک جیسا کر دیا گیا ہے۔جس کے بعد ڈی ایم کے ایم پی تروچی شیوا نے راجیہ سبھا کی کاروائی کے شیڈول میں تبدیلی کی نشاندہی کرتے ہوئے اس کی وجہ جاننے کی کوشش کی۔ انھوں نے کہا کہ 'ہر جمعہ کو روایت یہ ہے کہ دوپہر کا اجلاس ڈھائی بجے بلایا جاتا ہے۔ لیکن آج نظرثانی شدہ ایجنڈے میں یہ وقت دوپہر دو بجے رکھا گیا ہے۔ جب ایسا فیصلہ لیا گیا تو ارکان کو اس کا علم بھی نہیں تھا۔ ہم جاننا چاہیں گے کہ ایسی تبدیلی کیوں آئی؟ اس پر چیئرمین نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ اجلاس کے دوران ہی وقت تبدیل کیا تھا، کیونکہ لوک سبھا کا دوپہر کا اجلاس دوبجے شروع ہوتا ہے۔دریں اثنا، ڈی ایم کے، کے ایک اور رکن ایم ایم عبداللہ نے کھڑے ہو کر راجیہ سبھا کے چیئرمین کو بتایا کہ لنچ کے بعد کے سیشن کے لیے دوپہر ڈھائی بجے کا وقت اس لیے رکھا گیا ہے تاکہ مسلمان اراکین جمعہ کی نماز پڑھ سکیں۔ ان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے چیئرمین جگدیپ دھنکھر نے کہا، 'لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں میں سماج کے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے ممبر ہیں۔ لوک سبھا دوپہردو بجے شروع ہوتی ہے اور اس میں بھی ہر طبقے کے ارکان ہوتے ہیں۔ میں نے ہی اسے مناسب غور و خوض کے بعد نافذ کیا اور ایوان کو اس سے آگاہ بھی کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اب تک ہر جمعہ کو راجیہ سبھا میں دوپہر کے کھانے کا وقفہ ایک بجے سے ڈھائی بجے تک ہوتا تھا۔ اسی وقت لوک سبھا میں دوپہر کے کھانے کا وقفہ ایک بجے سے دوبجے تک ہوتا ہے۔ یہ اضافی آدھا گھنٹہ راجیہ سبھا میں نماز کے لیے دیا گیا تھا۔ اب چیئرمین نے قواعد میں تبدیلی کر کے اسے ختم کر دیا ہے۔
0 Comments