Latest News

سہارنپور میں غیرت کے نام پربہن کا قتل، بھائی نے نابالغ مسکان کو مسلم شخص سے مبینہ عشق کے الزام میں گولی ماردی۔

سہارنپور: سمیر چودھری۔
مغربی اتر پردیش کے سہارنپور میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔ اتوار کی رات، دیہات کوتوالی تھانہ علاقے کے شیخ پورہ قدیم گاؤں میں، بھائی نے گھر میں سوئی ہوئی اپنی نابالغ بہن کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ لڑکی کا مبینہ طور پر ایک مسلم نوجوان کے ساتھ معاشقہ چل رہا تھا۔ اس کی وجہ سے لڑکی کا بھائی ناراض تھا۔ جس کی وجہ سے بھائی نے یہ گھناؤنا قدم اٹھایا۔ واقعے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔تھانہ دیہات کوتوالی علاقہ کے شیخ پورہ گاؤں کا رہنے والا جگموہن دہرادون میں مزدوری کرتا ہے۔ بیٹی مسکان کی موت کے بعد گھر والوں میں کہرام مچ گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج کر تفتیش شروع کر دی۔ خاص بات یہ ہے کہ اہل خانہ نے اس واقعہ کی اطلاع پولیس کو بھی نہیں دی تھی، جس کی وجہ سے پولیس نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے لڑکی کی ماں کو حراست میں لے لیا۔پولیس تفتیش کے دوران لڑکی کی والدہ ببیتا نے بتایا کہ اس کی بیٹی مسکان گولی لگنے سے زخمی ہوئی ہے۔ جیسے ہی اسے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا، علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ پولیس نے جب اس سے سختی سے پوچھ تاچھ کی تو ببیتا نے بتایا کہ اس کی بیٹی مسکان کا اسی گاؤں کے ایک مسلمان نوجوان کے ساتھ معاشقہ چل رہا تھا، جس پر اس کا بڑا بیٹا ناراض تھا۔ اس نے مسکان کو کئی بار سمجھایا لیکن وہ نہیں مانی۔ اس سے ناراض ہوکر بڑے بیٹے 18 سالہ آدتیہ نے مسکان کو گولی مار کر قتل کردیا۔ایس پی سٹی ابھیمنیو مانگلک نے کہا کہ لڑکی کے گھر والوں نے اس واقعہ کے بارے میں پولیس کو کوئی اطلاع نہیں دی۔ میمو جب ضلع اسپتال سے دیہات کوتوالی پہنچا تو اسے لڑکی کے قتل کی اطلاع ملی۔ اس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور لڑکی کی ماں ببیتا کو حراست میں لے لیا۔ ایس پی سٹی نے کہا کہ، گھر والوں کی طرف سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔ لڑکی کے والد دہرادون میں کام کرتے ہیں اور ابھی تک سہارنپور نہیں پہنچے ہیں۔ ان کے آنے کے بعد ہی مزید کارروائی کی جائے گی۔ ایس پی نے بتایا کہ آدتیہ کی گرفتاری کے لیے پولیس کی تین ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر