Latest News

پنجاب کے معروف عالم دین مولانا شمیم احمد قاسمی کی گاڑی حادثہ کا شکار، جواں سال فرزند جاں بحق، دیگر زخمی، مولانا محمد عثمان لدھیانوی سمیت سرکردہ شخصیات کا اظہارِ افسوس۔

جالندھر: جامع مسجد ہوشیارپور کے امام مولانا شمیم احمد قاسمی کے اہل خانہ کی گاڑی شہر کے نزدیک روڈ پر حادثہ کا شکار ہو گئی۔ جس میں ان کے جواں سال فرزند محمد عمار (21) جاں بحق ہو گئے۔ جبکہ بیٹا محمد وسیم و دیگر اہل خانہ کو چوٹیں آئی ہیں جو ابھی ہوشیارپور میں ہی زیر علاج ہیں۔ 
 نماز جنازہ مولانا محمد طیب قاسمی فیض پوری نے پڑھائی۔ اس عظیم حادثہ پر شاہی امام پنجاب حضرت مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی نے مولانا شمیم احمد سے ملاقات کی اور اس حادثہ پر گہرے رنج و الم کا اظہار کیا۔ شاہی امام پنجاب زخمیوں کی عیادت کے لیے ہسپتال بھی تشریف لے گئے۔ انہوں نے امام صاحب کو اس عظیم سانحہ پر صبر کی تلقین کی۔ محبوب العلماء مولانا محمد طیب قاسمی فیض پوری نے اس موقع پر کہا کہ موت و حیات خدائے ذوالجلال کے قبضہ و قدرت میں ہے یقیناً یہ حادثہ مولانا شمیم احمد کے لیے بہت بڑا ہے، غم کی اس گھڑی میں ہم حضرت امام صاحب اور ان کے جملہ رفقاء سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ نماز جنازہ میں پنجاب ہریانہ اتر پردیش سے بڑی تعداد میں امام صاحب کے احباب و رشتہ داروں نے شرکت کی۔ اس عظیم سانحہ پر مولانا ولی الدین ولی شمالی مہتمم مدرسہ دعوت الایمان راجپورہ پنجاب نے اس حادثہ پر کہا کہ مولانا شمیم قاسمی کے لیے یہ ایک بڑا حادثہ ہے، اللہ ان کو صبر دے۔ وہ ایک ملنسار طبیعت کے مالک اور پنجاب میں ایک طویل عرصے سے خدمت دین میں مصروف ہیں۔ گزشتہ دنوں ان کے برادر اکبر مولانا محمد یونس کا سانحہ ارتحال پیش آیا تھا، ابھی وہ اُس غم سے باہر بھی نہیں ہوئے تھے کہ آج یہ بڑا سانحہ پیش آگیا۔ اللہ ان کی خدمات کو قبول فرمائے۔
مولانا شمیم قاسمی کے صاحبزادے محمد عمار کے انتقال پر محمد مستقیم احراری لدھیانہ، قاری سعید الزماں ہریانہ، مظہر عالم مظاہری جالندھری، حاجی عابد حسن سلمانی، مولانا محمد سلمان ایوبی عمادپور، غفران انجم پردھان عالم پور، حافظ محمد اسلم وغیرہ نے بھی تعزیت مسنونہ پیش کی۔ 

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر