نامور استاذ شاعر شمس دیوبندی کے برادرِ اکبر اور دیوبند کی معروف شخصیت صلاح الدین خاں کا آج صبح علالت کے باعث تقریباً 73 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا ہے، ان کے انتقال سے متعلقین اور عزیز و اقارب میں رنج و غم کی کیفیت ہے، کثیر تعداد میں علما ء کرام اور شہر کی سرکردہ شخصیات نے محلہ قلعہ پر واقع مرحوم کی رہائش گاہ پر پہنچ کر تعزیت مسنونہ پیش کی اور صلاح الدین خاں کے انتقال پر گہرے افسوس کااظہارکیا۔
مرحوم کے چھوٹے بھائی و معروف شاعر شمس دیوبندی نے بتایا کہ بھائی صاحب گزشتہ تقریباً ایک ماہ سے سخت علیل تھے، دہلی کے اپولو اسپتال میں ان کا علاج چل رہاتھا،جہاں دوران علاج بدھ کی صبح تقریباً ساڑھے دس وہ مالک حقیقی سے جا ملے،ان کا انتقال خاندان کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے، اللہ تعالیٰ بھائی صاحب کی مغفرت فرماکر درجات بلند فرمائے۔
واضح رہے کہ صلاح الدین خاں کا شمار دیوبند کی معروف شخصیات میں ہوتا تھا، وہ دیوبند کے مشہور تاجر مرحوم مولانا شوکت خاںؒ (بھٹے والوں) کے بڑے صاحبزادے تھے، مولانا شوکت خاں ؒ شیخ الاسلام حضرت مولانا حسین احمد مدنیؒ کے شاگرد رشید تھے اور خانوادہ مدنی سے گہری انسیت اور تعلق رکھتے، جس کو صلاح الدین خاں نے آخری تک برقرار رکھا اور وہ جمعیۃ علماءہند کے صدر مولانا سید ارشدمدنی کی مجلس کے رکن خاص تھے، مولانا ارشد مدنی بھی قدیم خاندانی تعلقات کے سبب انہیں عزیز رکھتے تھے اور انہیں قدر ومنزلت کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔ ان کے انتقال پر مولانا سید ارشدمدنی سمیت خانوادہمدنی کے افراد نے گہرے افسوس کااظہارکرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت مسنونہ پیش کی اور مرحوم کے لئے دعاء مغفرت کا اہتمام کیا۔ نماز جنازہ بعد نمازِ عشاءاحاطہ مولسری دارالعلوم دیوبند میں ادا کی گئی، بعدازیں قاسمی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔
0 Comments