Latest News

سہارنپور، مظفر نگر اور شاملی کی خواتین کے لیے خوشخبری، اب بسوں میں مفت سفر کرسکیں گی۔

مظفرنگر: عزیز الرحمن خاں۔
ریاستی حکومت نے 60 سال سے زیادہ عمر کی خواتین کو روڈ ویز بسوں میں مفت سفر کی اجازت دی ہے۔ سہارنپور ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسوں میں روزانہ 12 سے 14 ہزار خواتین مفت سفر کر سکیں گی۔ ہیڈکوارٹر سے احکامات ملتے ہی ٹرانسپورٹ کارپوریشن یہ سہولت فراہم کرے گی۔ سہارنپور ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے پاس چھ ڈپو میں 639 بسوں کا بیڑا ہے۔ ان میں سہارنپور ڈپو کے قریب 203 بسیں، مظفر نگر میں 192، کھتولی میں 99، چھتمل پور میں 80، شاملی میں 44 اور گنگوہ ڈپو میں 21 بسیں ہیں۔
شاملی اور گنگوہ ڈپو سے کنٹریکٹ بسیں چلتی ہیں، جبکہ دیگر چار ڈپووں میں کنٹریکٹ بسوں کے علاوہ کارپوریشن کی بسیں ہیں۔ اگر ہم ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو اس علاقے میں روزانہ ایک لاکھ سے ایک لاکھ 25 ہزار مسافر بسوں میں سفر کرتے ہیں۔ان میں 40 فیصد خواتین بھی شامل ہیں۔ اس سے قبل بھی 60 سال سے زیادہ عمر کی خواتین کے لیے مفت سفر کی آوازیں اٹھی تھیں۔ تب ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے اندازہ لگایا تھا کہ 60 سال سے زیادہ عمر کی 12 سے 14 ہزار خواتین روزانہ روڈ ویز بسوں میں سفر کرتی ہیں۔
ریاستی حکومت کے اعلان سے ان خواتین کو روڈ ویز بسوں میں مفت سفر کا فائدہ ملے گا۔ دوسری جانب انچارج ریجنل منیجر گورو پانڈے نے کہا کہ اس سلسلے میں ہیڈ کوارٹر سے ابھی تک کوئی حکم نہیں ملا ہے حکم ملتے ہی عملدرآمد شروع ہوجائے گا ۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر