دیوبند: سمیر چودھری۔
دہرہ دون نیشنل ہائیوے پر بہاری گڑھ کے متصل واقع جامعہ علوم القرآن موضع ست پورہ میں اصلاحی اجلاس کا انعقاد کیاگیا،جس کی صدارت معروف بزرگ عالم دین مولانا مسیح اللہ خاں جلال آبادی کے خلیفہ مولانا عبد الستار بوڑیوی نے کی اور سرپرستی جامعہ کاشف العلوم چھٹمل پور کے مہتمم مولانا محمد ہاشم قاسمی نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض مدرسہ کے مدیر و بانی مولانا محمد سلیم مظاہری کھجناوری نے انجام دیئے۔صدر مجلس اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ کے تین اوصاف کا ذکر فرمایا ، ایک تلاوت قرآن پڑھ کر امت کو سنانا اور دوسرے ان کو ظاہر وباطنی ہر طرح کی گندگی سے پاک وصاف کرنا جس میں بدن و لباس داخل ہے، عقائد واعمال اور اخلاق وعادات کی پاکیزگی بھی ضروری ہے ،تیسرے تعلیم کتاب یہ تینوں چیزیں امت کے لئے حق تعالیٰ کے انعامات اور بعثت رسول کے بنیادی مقاصد ہیں، اللہ ہمیں ان پر عمل کی توفیق عطاءفرمائے۔مولانا محمد ہاشم قاسمی نے تصوف کی اہمیت پر بیان کرتے ہوئے کہا بعض لوگ کتاب اللہ کو نظر انداز کرکے صرف علماءومشائخ کو فیصل ومقصود بنا لیتے ہیں اور ان کے متبع شریعت ہونے کی تحقیقی نہیں کرتے اور یہ اصل مرض یہود ونصاریٰ کا ہے، اللہ تعالی کا فرمان ہے یعنی ان لوگوں نے اپنے علماءومشائخ کو اللہ کے ما سوا معبود اور قبلہ بنا لیا، ظاہر ہے کہ یہ راستہ شرک وکفر کا ہے اور لاکھوں انسان اس راستہ میں برباد ہوئے اور ہو رہے ہیں۔خانقاہ عالیہ رحیمیہ رائے پور کے ناظم ومتولی شاہ عتیق احمد نے اللہ والوںکی صحبت اختیار کرنے کی اہمیت بیان کی۔مولانا سلیم احمد قاسمی ناظم مدرسہ فیض الرشید نے علماءواکابر کے تواضع کے واقعات بیان کئے اور ان کے احوالِ زندگی پر روشنی ڈالی۔جامعہ کاشف العلوم چھٹمل پور کے شیخ الحدیث مولانا حبیب اللہ قاسمی نے مدارس کی اہمیت پر بیان کیا اور کہا کہ مدارس دین اسلام کے مضبوط قلعے ہیں ان سے دین اسلام اور قرآن کریم اور ملت اسلامیہ کی بقاءوابسطہ ہے ان کی آبیاری ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اس کے علاوہ دیگر حضرات نے بھی بیان کیا۔خصوصی شرکاءمیں مسعود عالم ،مولانا اطہر مظاہری مدرسہ انوار القرآن نعمت پور، حافط عبد الستار ناظم مدرسہ انوارالقرآن نعمت پور ، قاری محمد کلیم جمال پور،مولانا عبد القادر، مولانا محمد شاہد ندوی، حافظ مہدی حسن، قاری مصیب الرحمن، مولانا مالود مظاہری، حافط مرسلین چانچک، حافظ محمد شاکر چانچک، حاجی شاہد دہرادون، حافظ خورشید، حافظ محمد سلطان، حاجی ریاض، حاجی فرقان محترم وغیرہ کے علاوہ قرب وجوار کے بہت سے حضرات نے شرکت کی۔ صدر محترم کی دعاءپر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ آخر میں قاری محمد ابرار کھجناوری نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
0 Comments