لکھنو: مقتول عتیق احمد کی بہن عائشہ نوری اور بہنوئی اخلاق کے مکان کو پولیس نے ضبط کرلیا ہے۔ ایک عہدیدار نے پیر کے دن یہ بات بتائی۔ یہ دونوں وکیل اومیش پال کے قتل کے ملزمین ہیں۔ 2005 میں بی ایس پی رکن اسمبلی راجوپال کے قتل کیس کے اصل گواہ اومیش پال کو 24 فروری کو پریاگ راج میں دن دہاڑے گولی مارکر ہلاک کردیا گیا تھا۔ پریاگ راج کے دھومن گنج پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے ہفتہ کے دن نوچندی کے بھوانی نگر علاقہ میں عائشہ نوری اور اخلاق احمد کا 2 منزلہ مکان ضبط کرلیا۔ مکان سے مہنگا سامان غائب تھا۔ نوچندی کے انسپکٹر سبودھ سکسینہ نے بتایا کہ ایک فریج‘ واشنگ مشین‘ پرانا صوفہ اور کچھ برتن جن کی مالیت ایک لاکھ روپے ہوتی ہے‘ مکان میں پائے گئے جن کا اندراج پولیس جی ڈی(جنرل ڈائری) میں کیا گیا۔اومیش پال قتل کیس کے اصل ملزم گڈو مسلم نے اس مکان میں قیام کیا تھا اور اخلاق نے اس کی مالی مدد کی تھی۔ اخلاق کو اسپیشل ٹاسک فورس نے 2 اپریل کو گرفتار کرلیا جبکہ عائشہ نوری ابھی بھی فرار ہے۔
0 Comments