دیوبند: سمیر چودھری۔
معروف میڈیکل کالج جامعہ طبیہ دیوبند میں تعلیمی سیشن 2023-24 کے لئے جس انڈکشن پروگرام کا آغاز گذشتہ یکم نومبر کو کیا گیا تھا اس کا آج اختتام ہوا،اس دوران بی یو ایم ایس کے سال اول میں داخلہ لینے والے طلبہ و طالبات کی کلاسز کے انڈکشن پروگرام کا بھی اختتام ہوا۔
اس پروگرام کے تحت این سی آئی ایس ایم نئی دہلی کی ہدایات کے مطابق یکم نومبر سے 15دسمبر تک عبوری طور سے کورس کی تمام سرگرمیوں کو بھی پیش کیا گیا۔ پروگرام کے مہمان خصوصی علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر بدر الدجیٰ نے طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے زندگی میں آگے بڑھنے اور ترقی کرنے سے متعلق کچھ خصوصی باتیں بتائیں۔ انہوںنے طلبہ کو اخلاقیات کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ جس ادارہ میں آپ تعلیم حاصل کر رہے ہیں اس کے وقار کو بھی ملحوظ رکھنا ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ تمام طلبہ کو ملک بھر میں یونانی طب کے فروغ کےلئے کام کرنا چاہئے۔ اس موقع پر ادارہ کے سکریٹری ڈاکٹر اختر سعید نے نئے تعلیمی سیشن 2023-24کے لئے داخلہ لینے والے طلبہ وطالبات کو بتایا کہ انہیں این سی آئی ایس ایم کی جانب سے جاری کردہ سلیبس کو ہدایات کے مطابق مکمل کرنا چاہئے۔ بعد ازاں انہوں نے پروگرام میں موجود والدین و سرپرستوں کو بھی حکومت کی جانب سے یونانی طب کے فروغ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی تفصیلات بتائیں ۔ جامعہ طبیہ دیوبند کے پرنسپل ناصر علی خان نے بتایا کہ جامعہ طبیہ دیوبند آیورویدک اور یونانی میڈیکل کالجو ں میں شاید ایسا پہلا کالج ہے جس نے این سی آئی ایس ایم کی جانب سے جاری ہدایات اور احکامات پر مقررہ وقت میں صد فیصد عمل کیا ہے، جسکے لئے کالج کا اسٹاف قابل مبارک باد ہے۔ ادارہ کے نائب پرنسپل ڈاکٹر محمد فصیح نے بھی اپنے خطاب کے دوران طلبہ وطالبات کو قیمتی نصیحتوں سے نوازا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر محمد کلیم نے انجام دیئے۔ اس دوران جامعہ طبیہ دیوبند اور جامعہ کالج آف فارمیسی کے طلبہ و طالبات کو اجمل خاں طبیہ کالج علیگڑھ کے پرنسپل ڈاکٹر بی ڈی خان کے بدست توصیفی اسناد دی گئیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر فخر الاسلام ، ڈاکٹر نوید اختر، ڈاکٹر محمد فرقان، ڈاکٹرمحمد آصف، ڈاکٹر محمد اعظم عثمانی، ڈاکٹر مزمل، ڈاکٹر ظہیب عالم خان، ڈاکٹر محمد جعفر، ڈاکٹر رشدیٰ سیدی، ڈاکٹر جویریہ ہاشمی، عامر سعیدی، ارون کمار، جوگندر کمار، محمد جاوید، بلال اور دیگر کارکنان موجود رہے۔
0 Comments