Latest News

بی ایس پی چھوڑ سکتے ہیں ایم پی حاجی فضل الرحمن, ماجد علی کی بی ایس پی میں واپسی، سہارنپور لوک سبھا کی ذمہ داری دی گئی۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات کو لے کر سرد موسم میں سیاسی درجہ حرارت گرم ہوتا جا رہا ہے۔ بی ایس پی بھی مکمل انتخابی موڈ میں آگئی ہے۔ سابق ضلع پنچایت صدر کے نمائندے ماجد علی کی ایک مرتبہ پھر پارٹی میں واپسی ہوگئی اور انہیں لوک سبھا کا انچارج بنایا گیا ہے۔ سیاسی ماہرین کے مطابق جس شخص کو بی ایس پی میں لوک سبھا انچارج بنایا جاتا ہے اسے ہی ٹکٹ دیا جاتا ہے۔ ایسے میں بی ایس پی کے ٹکٹ پر 2019 میں ایم پی بنے حاجی فضل الرحمان پارٹی چھوڑ سکتے ہیں۔ وہ اس حوالے سے اپنے حامیوں کے ساتھ صلاح مشورہ کررہے اور جلد ہی ایک چونکانے والا اعلان کر سکتے ہیں۔ اتوار کو پارٹی ہائی کمان کی ہدایات کے بعد بی ایس پی کے مغربی یوپی انچارج شمس الدین رائین نے سابق ضلع پنچایت صدر کے نمائندے ماجد علی کو سہارنپور لوک سبھا سیٹ کا انچارج بنایا ہے۔ سیاسی ماہرین کے مطابق بی ایس پی ماجد علی کو انتخابی میدان میں اتار سکتی ہے۔ ایسے میں خدشہ ظاہر کیا جارہاہے کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں ایس پی-بی ایس پی اتحاد کے دوران بی ایس پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ کر ایم پی بنے حاجی فضل الرحمن کو اس بار انہیں ٹکٹ نہیں ملے گا۔ وہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دنوں ایم پی اور پارٹی کے درمیان سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ایسے میں ایم پی حاجی فضل الرحمان بی ایس پی چھوڑ سکتے ہیں۔ جلد ہی حاجی فضل الرحمان کوئی بڑا فیصلہ لے سکتے ہیں۔ اگر ایسا ہوا تو ضلع کی سیاست میں بڑی تبدیلی دیکھنے کو ملے گی۔ایم پی حاجی فضل الرحمان آزاد کونسلر بھی رہ چکے ہیں۔ اس کے ساتھ وہ کانگریس اور راشٹریہ لوک دل میں بھی تھے، لیکن وہ طویل عرصے سے بی ایس پی میں ہیں۔ انہوں نے 2017 میں بی ایس پی کے ٹکٹ پر میئر کا انتخاب بھی لڑا تھا، لیکن وہ ہار گئے تھے۔ پھر 2019 میں بی ایس پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ کر ایم پی بنے۔ایم پی حاجی فضل الرحمان بھلے ہی بی ایس پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ کر ایم پی بنے ہوں، لیکن اس وقت ایس پی اور بی ایس پی کے درمیان گٹھ جوڑ تھا۔ ایم پی بننے کے بعد حاجی فضل الرحمان ایس پی کے قومی صدر اکھلیش یادو کے کافی قریب رہے ہیں،وہ کئی موقعوں پر اکھلیش یادو کے ساتھ نظر آئے ہیں۔ سیاسی مبصرین کا کہناہے کہ حاجی فضل الرحمان جلد ہی سماجوادی پارٹی میںشامل ہو سکتے ہیںاور وہ لوک سبھا الیکشن ایس پی کے ٹکٹ پر لڑینگے۔ ا س سلسلہ میں حاجی فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ وہ لوک سبھا انتخابات کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس معاملے پر ان کے حامیوں سے بھی بات کی جا رہی ہے، ان کے حامیوں کے فیصلے کی بنیاد پر وہ مزید حکمت عملی بنائیں گے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر