لکھنو: ہم بھی ہندوستانی ہیں، پھر ہمارے ساتھ ایسا سلوک کیوں؟ یہ سوال کشمیری نوجوان کا ہے جو اہل خانہ کا پیٹ پالنے کےلیے اترپردیش کی راجدھانی لکھنو میں ڈرائی فروٹ فروخت کرنے آئے تھے، الزام ہے کہ لکھنو نگر نگم کی ٹیم نے ان نوجوانوں کے ساتھ نہ صرف مارپیٹ کی بلکہ ان کا سامان بھی سڑک پر پھینک دیا ابھی اسی نازیبا حرکت کے خلاف آواز اُٹھاکر کشمیری انصاف طلب کررہے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق لکھنو میں اتوار کو ڈرائی فروٹ بیچنے والے کشمیری نوجوانوں کے ساتھ نگر نگم کی ٹیم نے بدسلوکی کی ہے، ان نوجوانوں نے الزام لگایا ہے کہ نگر نگم کی ٹیم نے ان کا سامان چھیننے کی کوشش کی، مخالفت کرنے پر ان کے ساتھ مارپیٹ کی گئی اور سامان چھین کر سڑک پر پھینک دیاگیا۔ ان نوجوانوں کا کہنا ہے کہ آج ان کے ساتھ ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہے، اکثر ان کے یا ان جیسے کشمیریوں کے ساتھ دوسرے لوگ اس طرح کی حرکت کرتے رہتے ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ وہ دو پیسے کما کر اپنے اہل خانہ کو پالنے کےلیے ملک کے مختلف حصوں میں ااتے ہیں، لیکن کہیں نہ کہیں نگر نگم کی ٹیم یا کچھ شرپسند عناصر ان کے ساتھ بدسلوکی کرڈالتے ہیں، سمجھ میں نہیں آیا کہ ہم بھی ہندوستانی ہیں پھر ہمارے ساتھ ایسا سلوک کیوں روا رکھاجاتا ہے، حالانکہ موقع سے سامنے اائی تصاویر میں سڑک پر ڈرائی فروٹ بکھرے پڑے صاف نظر آرہے ہیں، ساتھ ہی ہنگامہ کی وجہ سے لوگوں کی بھیڑ بھی جمع ہوگئی تھی وہیں پولس بھی پہنچ گئی تھی۔ واقعہ کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔
0 Comments