دیوبند: سمیر چودھری۔
تحصیل رام پور منیہاران کے موضع چررہو میں واقع دینی ادارہ جامعہ دعوة الحق معینیہ کی جانب سے جنگلوں میں رہنے والے لوگوں (ون گوجروں) میں گرم کمبل تقسیم کیے گئے اور کسم پرُسی کی زندگی کی گزارنے والے ان لوگوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کرنے کی اپیل کی گئی۔
جامعہ دعوت الحق معینیہ چررہو کے ناظم اعلیٰ مولانا شمشیر قاسمی کی قیادت میں جنگل پہنچی ٹیم نے کالو والا پہاڑی پور، شاہجہاں پور لائن، کوٹھڑی بہلول پور اور دھولا کنواں کے علاوہ شیوالک جنگلات میں دور دور تک مختلف علاقوں میں رہنے والے ون گوجروں کے مابین گرم کمبل تقسیم کئے۔ اس دوران ٹیم میں شامل افراد نے میلوں دور پیدل چل کر ڈیرہ۔ڈیرہ (گھر گھر) جاکر بچوں، بزرگوں اور خواتین سمیت تمام افراد کو سیکڑوں گرم کمبل تقسیم کئے،جس پر ان لوگوں نے نہایت خوشی کااظہار کیا اور شکریہ اداکیا۔
اس موقع پر جمعیۃ علماءہند مجلس منتظمہ کے رکن مولانا شمشیر قاسمی نے کہا کہ جنگلوں میں رہنے والے ون گوجر آج بھی سماجی، معاشی اور تعلیمی لحاظ سے بہت پسماندہ ہیں، یہاں آکر ان کی حالت دیکھ کر ان کی مشکلات بھری زندگی کا پتہ چلتا ہے۔ انہوں نے تمام لوگوں سے ان کی مدد کرنے کی اپیل کی۔ اس دوران صحافی سمیر چودھری (دیوبند) نے حکومت اور سماجی تنظیموں سے ان لوگوں کی زندگیوں کو بدلنے کے لیے بڑے پیمانے پر کام کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ انہیں سماجی، تعلیمی اور معاشی طور پر مضبوط کرنا بہت ضروری ہے،انسانی ہمدری کے ناطے انہیں مدد کی سخت ضرورت ہے کیونکہ یہ لوگ آج بھی بنیادی سہولیات سے کوسوں دور ہیں، بجلی کا تو تصور ہی نہیں بلکہ پینے کے پانی کے لئے انہیں سخت مشکلات کا سامنا کرناپڑتاہے،زیادہ تر سرکاری اسکیمیں بھی ان تک نہیں پہنچ پاتی ہیں۔ سمیر چودھری نے سماجی و ملی تنظیموںکے ساتھ ساتھ سرکار سے بھی اپیل کی وہ ان کی بنیادی سہولیات کے لئے ضرور ی اقدامات کرے خاص طورپر ان کی مستقل رہائش اور ان کے بچوں کی تعلیم کی طرف خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
0 Comments