کشن گنج: بہار کے اے آئی ایم آئی ایم کے صدر و رکن اسمبلی اختر الایمان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے ۔ امر یادو نام کے ایک شخص نے اخترالایمان کے ایکس اکاونٹ پر نا صرف جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے بلکہ انہیں دہشت گرد بتاتے ہوئے اقلیتی فرقے کے لیے قابل اعتراض الفاظ کا بھی استعمال کیا ہے ۔ سوشل سائٹ ایکس پر دی گئی دھمکی کے بعد اے آئی ایم آئی ایم کے کارکنان اور رہنماوں میں تشویش کے ساتھ ناراضگی پیدا ہوگئی ہے اور پولیس حکام سے متعلقہ شخص کو فوری طور پر گرفتار کرنے اور اختر الایمان کی سیکورٹی پختہ کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔اختر الایمان نے جان سے مارنے کی دھمکی کے ساتھ اقلیتی فرقے کے تعلق سے نازیبا تبصرے کیے جانے کے خلاف کشن گنج کے ایس پی کو تحریری درخواست دیکر شکایت درج کرائی ہے ، اختر الایمان نے بتایا کہ انہوں نے درخواست کے ساتھ ایکس پر انکے خلاف لکھے گئے پوسٹ کی اسکرین شاٹ کی کاپی منسلک کی ہے اسکی ایک کاپی ڈی جی پی بہار کو بھی بھیجی گئی ہے۔ وہیں اختر الایمان کو ملی جان سے مارنے کی دھمکی کے بعد رہنماوں نے سخت ناراضگی ظاہر کی ہے ۔اس حوالہ سے اب بہار میں یہ معاملہ سیاسی طول پکڑ سکتا ہے وہیں کشن گنج ایس پی نے ضروری کاروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
0 Comments