Latest News

بیٹیوں کو جہیز نہیں، جائیداد میں حصہ دیں، مسلم پرسنل لا بورڈ کی مسلمانوں سے اپیل۔

لکھنو: اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس میٹنگ میں کہا گیا کہ مسلم خواتین کو ان کے حقوق دلائے جائیں۔ میٹنگ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ مسلمان ، اپنی بیٹیوں کو جہیز نہ دیں بلکہ اپنی جائیداد میں حصہ دیں۔ اس کانفرنس کا انعقاد مسلم پرسنل لا بورڈ نے مولانا عتیق احمد بستوی کی صدارت میں کیا تھا۔اجلاس میں مولانا نصراللہ ندوی نے کہا کہ اسلام ایک ایسا مذہب ہے جس نے خواتین کو جائیداد میں حقوق دیے ہیں۔ اسلام نے عورتوں کو ان کے والدین، شوہر اور بیٹے کی جائیداد میں حصہ دیا ہے۔ مسلم پرسنل لا بورڈ کے مطابق ’’اسلام نے جائیداد میں ماں، بہن، بیوی، بیٹی، پوتی، نواسی، سوتیلی بہن، دادی اور نانی کو حصہ دیا ہے‘‘۔ندوی نے کہا کہ مسلمان جہیز دینے کے بجائے اپنی بیٹیوں کو جائیداد میں حصہ دیں، اس سے ان کی بیٹیوں کو مالی مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ عیدگاہ کے امام مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے کہا کہ ملک میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو اپنے ذاتی قوانین پر عمل کرنے کی آئینی آزادی ہے۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد لوگوں میں مسلم پرسنل لاء سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنا ہے۔ مولانا محمد عمر عابدین قاسمی، الہ آباد ہائی کورٹ کے وکیل قاضی صبیح الرحمن، ایڈوکیٹ شیخ سعود رئیس نے مسلم پرسنل لا کی آئینی حیثیت کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر