چرتھاول بلاک کے گائوں ددھیڑو کے باشندہ ماسٹر سلیمان کی ہونہار صاحبزادی عائشہ نے پی سی ایس جے کے امتحان میں شاندار کامیابی حاصل کرکے اور سول جج بن کر اپنے خاندان اور علاقے کا نام روشن کیا ہے ۔ ’’پڑھیں گی بیٹیاں، بڑھیں گی بیٹیاں‘‘ کے نعرہ کو سچ ثابت کرتے ہوئے عائشہ نے جو عظیم الشان کامیابی حاصل کی ہے اس کی وجہ سے گائوں اہل خانہ اور پورے علاقے میں خوشی کا ماحول ہے۔ نومنتخب جج عائشہ نے کہاکہ اس منزل تک پہنچنے کے لئے ان کے والدین ، اساتذہ اور دوستوں نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس عہدے پر فائز رہتے ہوئے حقوق اور قانون کی پاسداری کرتے ہوئے اس اہم ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھائیں گی۔ عائشہ نے نوجوان نسل کے نام ایک پیغام میں کہا کہ دنیا میں تعلیم یافتہ قومیں ہی آگے بڑھتی ہیں اور کامیاب رہی ہیں، خاص طو رپر مسلم معاشرہ کو تعلیم کے حصول پر اپنی ساری توجہ مرکوز کرنی چاہئے تبھی ایک نیا انقلاب آسکتا ہے۔ عائشہ نے کہاکہ مسلمانوںکو تعلیم کا پیغام ان کا مذہب بھی دیتا ہے ۔ مذہب اسلام میں تعلیم کے ساتھ اچھے اخلاق اور بہتر سلوک پر سب سے زیادہ زور دیا گیا ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ ایک اچھے معاشرہ کی یہی پہچان ہے کہ وہ اخلاقی اور تعلیمی اعتبار سے سب سے زیادہ مضبوط ہو۔ اس لئے ہر ایک لڑکی کے لئے یہی پیغام ہے کہ وہ اپنے بہتر مستقبل اور نسل نو کی بہبود کے لئے خود بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کرے اور دوسروں کو بھی اس کے لئے راغب کرے۔
0 Comments