سدھارتھ نگر: اترپردیش کے ضلع سدھارتھ نگر کے ایک گاؤں میں ۷۵ سالہ مسلم معمر شخص کو جوتوں کا ہار پہننے اور خود اپنا تھوک چاٹنے پر مجبور کیا گیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کے روز پیش آیا تھا اور سوشل میڈیا پر ویڈیو نمودار ہونے پر منظر عام پر آیا۔ متاثرہ شخص محبت علی موضع تگ ہارا کا ساکن ہے جس کے چہرہ پر سیاہی بھی پوت دی گئی تھی۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک شخص نے علی کے خلاف شکایت درج کرائی کہ اُس نے اس کی لڑکی کو نامناسب انداز میں چھوا تھا۔ پولیس نے علی کی توہین میں ملوث 4 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمین کی ظفر، امن پانڈے، اکھلیش سہانی اور گھنشیم تیواری کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے۔ گولہورا پولیس اسٹیشن کے ایچ ایس او اجئے ناتھ کنوجیہ نے یہ بات بتائی۔ چاروں کے خلاف ایک کیس درج کرلیا گیا ہے۔
0 Comments