Latest News

دیوبند میں ایس ڈی ایم نے کرایا ریلوے اور میونسپل بورڈ کے تنازعات کا حل، ریلوے کے گیٹ پر ہی لگے گا نگر پالیکا کا استقبالیہ بورڈ۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
ایس ڈی ایم دیوبند انکور ورما کی ثالثی سے آج میونسپل بورڈ اور ریلوے کے درمیان کئی تنازعات کو باہمی سمجھوتہ سے حل کر لیا گیا۔ ریلوے کی طرف سے بنائے جانے والے گیٹ پر نگر پالیکا کا استقبال کا بورڈ بھی لگانے کا معاہدہ طے پایا۔
عالمی سطح پر دیوبند کی اہمیت کے پیش نظر مرکزی وزیر ریلوے اشونی وشنو کے ذریعہ دیوبند ریلوے اسٹیشن کو ورلڈ کلاس معیار کا بنانے کے اعلان کے بعد یہاں تیزی سے کام جاری ہے۔ تاہم اس دوران ریلوے اور میونسپل بورڈ کی حدود کے تنازع کی وجہ سے ریلوے پھاٹک کا کام تعطل کا شکار تھا۔ ہفتہ کو ایس ڈی ایم انکور ورما میونسپل بورڈ چیئرمین وپن گرگ اور ای او ڈاکٹر دھیریندر کمار رائے کے ساتھ ریلوے اسٹیشن پہنچے اور ریلوے حکام سے بات چیت کی اور اسٹیشن کی خوبصورتی اور تعمیراتی کام کے سلسلے میں جاری تنازعہ کو ختم کیا۔ ایس ڈی ایم انکور ورما نے کہا کہ دیوبند میونسپلٹی کا بورڈ بھی ریلوے کے ذریعہ بنائے گئے استقبالیہ گیٹ پر لگایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پلیٹ فارم پر موجود عام ویٹنگ رومز کو اے سی ویٹنگ رومز میں تبدیل کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ ایک پلیٹ فارم سے دوسرے پلیٹ فارم تک جانے والے فٹ برج کی ریلنگ یا سیکورٹی کے نقطہ نظر سے پولیس گارڈ روم سے متعلق تمام تنازعات کو باہمی سمجھوتہ سے حل کیا گیا ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر