دیوبند: سمیر چودھری۔
دارالعلوم دیوبند کے شعبہ محافظ خانہ کے کارکن قاری محمد احسان کے بیٹے اور دارالعلوم دیوبند کے قدیم خادم محمد رضوان قریشی کے پوتے حافظ محمد احمد نے دس سال کی عمر میں تکمیل حفظ قرآن کریم کی سعادت حاصل کی ہے۔اس مناسبت سے آج یہاں عیدگاہ روڈ پرواقع بینکٹ ہال میں ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیاگیا۔
اس موقع پر دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث مولانامحمد سلمان بجنوری نے حافظ محمد احمد کو دستارِ فضیلت نوازتے ہوئے اس کے والدین اور استاذ قاری عبداللہ کلیم کو مبارکباد پیش کی۔اس دوران مولانا سلمان بجنوری نقشبندی نے قرآن کریم کو عظمت و فضیلت پر روشنی ڈالی اور کہاکہ قرآن کریم پورے عالم کے لئے رشدو ہدایت کا ذریعہ ہے، انہوںنے کہاکہ آج ہماری پریشانیوں کا بنیادی سبب قرآن کریم سے دوری ہے ،ہمیں قرآن کریم کے احکامات کے مطابق زندگی گزارنی چاہئے، اسی میں دونوں جہاں کی کامیابی و کامرانی کا راز مضمر ہے، انہوںنے کہاکہ خوش نصیب ہوتے ہیں وہ والدین جن کے بچوں کو اللہ تعالیٰ قرآن کریم جیسی عظیم الشان دولت سے نوازتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حافظ قرآن اور اس کے والدین کا اللہ کے نزدیک بہت عظیم مرتبہ ہے، قیامت کے دن حافظ قرآن کے والدین کو سورج چاند سے زیادہ چمکدار تاج پہنایاجائے گا اور حافظ قرآن خاندان کے دس ایسے افراد کو جنت میں لیکر جائیگا،جن پر جہنم واجب ہوچکی ہوگی،یہ اللہ تعالیٰ کا حافظ قرآن کے لئے وعدہ ہے۔
مولانا سلمان بجنوری نے تمام حضرات کو بچوں کو قرآن کریم حفظ کرانے اور قرآن و سنت کے مطابق زندگی گزارنے کی نصیحت کی۔ اس دوران شعبہ تحفیظ القرآن دارالعلوم دیوبند کے مدرس اور حافظ محمد احمد کے استاذ قاری عبداللہ کلیم نے بھی بچے اور اس کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔ اس دوران شعبہ انٹر نیٹ کے ناظم مولانا عبدالسلام، سابق چیئرمین انعام قریشی، مولانا توحید قاسمی، مولانا صداقت، قاری ممتاز احمد، قاری فوزان، قاری منور اقبال، اشتیاق احمد سمیت دارالعلوم دیوبند کے اساتذہ و دیگر سرکردہ شخصیات موجودرہیں۔
0 Comments