Latest News

دارالعلوم وقف دیوبند کی اہم پیش رفت، آئند سال سے جدید داخلہ فارم کی تکمیل آن لائن ہوگی۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
عظیم دینی درسگاہ دارالعلوم وقف دیوبند میں آئندہ تعلیمی سال بابت ۴۶-۱۴۴۵ھ (2024 ء) سے جدید داخلہ فارم کی آن لائن تقسیم کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے۔ اس تعلق سے دارالعلوم وقف دیوبندکے نائب مہتمم مولانا وڈاکٹر محمد شکیب قاسمی نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ دارالعلوم وقف دیوبند ادارہ کی ترقیات کے باب میں ہر چند اصلاحات اور طلبہ کو سہولیات بہم پہونچانے کے لئے ہمیشہ کوشاں رہتا ہے۔ اسی تناظر میں دارالعلوم وقف دیوبند میں آئندہ تعلیمی سال سے آن لائن جدید داخلہ فارم کی تقسیم کا سلسلہ بھی شروع کیاجارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دیوبند کے مدارس میں ماہِ شوال کے اوائل میں جدید داخلہ کا نظام نافذ رہتا ہے جس میں جدید امیدوار طلبہ کی کثرت کی بناءپردیوبند میں طلبہ کا ایک ہجوم ہوتا ہے اور انہیں مختلف دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان ہی مسائل کے پیش نظر دارالعلوم وقف دیوبند نے آئندہ تعلیمی سال سے جدید داخلہ فارم کی آن لائن تقسیم کا فیصلہ لیا ہے۔ انہوں نے اس نظام کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ آن لائن فارم کی تقسیم کا یہ سلسلہ ۰۱رمضان المبارک سے شروع ہو کر ۵شوال المکرم تک جاری رہے گا۔ہر جماعت کے لئے تقسیم فارم کی ایک محدود ومتعین تعداد ہوگی، اس جماعت کی متعینہ تعداد پوری ہونے پر ۵ شوال سے پہلے بھی صرف اسی جماعت کے لئے تقسیم فارم کا سلسلہ موقوف کیا جاسکتا ہے، تقسیم فارم کایہ نظام ادارہ کی ویب سائٹ سے جاری رہے گا۔ فارم کے حصول کے لئے امیدوار کو ادارہ کی ویب سائٹ
 www.dud.edu.in 
پر جانا ہوگا، وہاں جدید داخلہ فارم بابت ۴۶-۱۴۴۵ھ کا ایک آپشن نظر آئے گا، اس آپشن پر کلک کرنے کے بعد چند ہدایات آئیں گی، جنہیں ملحوظ رکھتے ہوئے اگلے صفحہ پر موجود فارم کی خانہ پوری کرنی ہوگی۔ حسب ضابطہ فارم کی تکمیل کے بعد امیدوار کو اجازت برائے شرکت امتحان داخلہ موصول ہوگا۔ واضح رہے کہ امتحان کی تفصیلات بروقت ادارہ نشر کرے گا۔ ان تفصیلات کے مطابق اجازت نامہ کے ہمراہ امیدوار شریک امتحان ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ یقینا دارالعلوم وقف کا یہ اقدام ادارہ کی تاریخ میں ایک انقلابی اقدام ثابت ہوگا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر