Latest News

لوک سبھا انتخاب کے لئے سماجوادی پارٹی نے جاری کی امیدواروں کی پہلی فہرست، ڈاکٹر شفیق الرحمن برق کو سنبھل اور ڈمپل یادو کو مین پوری سے ٹکٹ۔

لکھنئو: لوک سبھا انتخاب کو اب کچھ ہی مہینے باقی رہ گئے ہیں۔ ایسے میں سماجوادی پارٹی نے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے اپنے 16 امیدواروں پر مشتمل پہلی فہرست جاری کر دی ہے۔ اس فہرست میں پارٹی چیف اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کی شریک حیات ڈمپل یادو کو مین پوری لوک سبھا سیٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ شفیق الرحمن برق کو سنبھل سے اور اکشے یادو کو فیروز آباد لوک سبھا سیٹ سے کھڑا کیا گیا ہے۔سماجوادی پارٹی نے امبیڈکر نگر لوک سبھا سیٹ سے لال جی ورما کو امیدوار بنایا ہے جو کہ گزشتہ اسمبلی انتخاب سے ٹھیک پہلے بی ایس پی چھوڑ کر سماجوادی پارٹی میں شامل ہوئے تھے۔ انھیں کٹیہری اسمبلی سیٹ سے ٹکٹ دیا گیا تھا اور وہ رکن اسمبلی منتخب بھی ہوئے تھے۔ رکن اسمبلی رہتے ہوئے سماجوادی پارٹی نے انھیں لوک سبھا کا امیدوار بنایا ہے، یعنی اگر وہ رکن پارلیمنٹ بنتے ہیں تو اسمبلی کی رکنیت انھیں چھوڑنی ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر سماجوادی پارٹی گزشتہ کچھ دنوں سے متحرک دکھائی دے رہی ہے۔ انڈیا اتحاد کی پارٹیوں کے ساتھ اتر پردیش میں سیٹوں کی تقسیم معاملے پر بھی سماجوادی پارٹی نے سرگرمی کا مظاہرہ کیا ہے اور گزشتہ دنوں اکھلیش یادو نے تو باضابطہ یہ اعلان کیا تھا کہ سیٹوں کی تقسیم پر مفاہمت بن چکی ہے۔ انھوں نے اتر پردیش میں کانگریس کے لیے 11 لوک سبھا سیٹوں پر اتفاق رائے قائم ہونے کی جانکاری دی تھی، حالانکہ بعد میں ایسی بھی خبریں سامنے آئیں کہ کچھ سیٹوں پر ہنوز بات چیت جاری ہے۔بہرحال، سماجوادی پارٹی نے لوک سبھا انتخاب میں ’پی ڈی اے‘ پر خاصہ زور دیا ہے۔ پی ڈی اے یعنی پسماندہ، دلت اور اقلیت۔ حالانکہ سماجوادی پارٹی نے اعلیٰ ذات کو بھی قریب لانے کی کوششیں شروع کر دی ہیں اور پارٹی کا کہنا ہے کہ اسے کسی کا بھی ساتھ لینے سے کوئی پرہیز نہیں ہے۔ آئیے نیچے دیکھتے ہیں کہ سماجوادی پارٹی نے جن 16 امیدواروں کا اعلان کیا ہے وہ کون ہیں اور کس سیٹ سے کھڑے ہو رہے ہیں۔
شفیق الرحمن برق (سنبھل)، اکشے یادو (فیروز آباد)، ڈمپل یادو (مین پوری)، دیویش شاکیہ (ایٹہ)، دھرمیندر یادو (بدایوں)، اُتکرش ورما (کھیری)، آنند بھدوریا (دھورہرا)، انو ٹنڈن (اناؤ)، رویداس مہروترا (لکھنؤ)، ڈاکٹر نول کشور شاکیہ (فرخ آباد)، راجا رام پال (اکبر پور)، شیوشنکر سنگھ پٹیل (باندہ)، اودھیش پرساد (فیض آباد)، لال جی ورما (امبیڈکر نگر)، رام پرساد چودھری (بستی)، کاجل نشاد (گورکھپور)۔



Post a Comment

0 Comments

خاص خبر