Latest News

مدنی دارالمطالعہ کے اختتامی اجلاس کا انعقاد، انجمن سے منسلک طلبہ نے شاندار انداز میں کیا اپنی علمی و فنی صلاحیتوں کامظاہرہ۔

 دیوبند: سمیر چودھری۔
عالمی شہرت یافتہ دینی ادارہ دارالعلوم دیوبند کے طلبہ کی معروف و مرکزی انجمن ’مدنی دارالمطالعہ‘ کا اختتامی اجلاس گزشتہ شب قدیم دارالحدیث میں منعقد ہوا،جس کی صدارت استاذ حدیث مولانا ومفتی عبداللہ معروفی نے کی، جب کہ مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے مولانا محبوب فروغ احمد، مفتی مزمل بدایونی اور مفتی اشرف عباس نے شرکت کی۔
اجلاس کا آغاز استاذ تجوید وقرأت قاری یوسف کی تلاوتِ کلام اللہ سے ہوا، مولوی عبدالحکیم سدھارتھ نگری اور مولوی معین گونڈی نے شانِ رسالت میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا، مولوی حسان عمر کبیرنگری نے تحریکِ صدارت پیش کی، جس کی مولوی عبیداللہ امبیڈکرنگری نے بزم کی جانب سے تائید کی، مولوی اسید لکھیم پوری، مولوی صدیق بہرائچی اور مولوی ندیم بستوی نے لائبریری، خطابت اور صحافت کے متعلق سالِ رواں مدنی دارالمطالعہ کی سرگرمیوں سے حاضرین کو آگاہ کیا جبکہ مولوی عبدالحکیم سدھارتھ نگری نے مہمانوں کی آمد پران کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر تقریری مسابقہ میں’تحصیل ِ علم کا مقصد معاش یامعاد‘ کے موضوع پر مولوی محمد عمار کبیرنگری نے، ’فحاشی وعریانیت کا سیلاب، نتائج اور ان کا حل‘کے موضوع پر مولوی فرمان شاملی اور ’ذلتِ یہود کی کہانی قرآن کی زبانی‘ کے عنوان پر مولوی شفیق الرحمن دہلوی نے شاندار تقاریر پیش کی۔ اس مسابقے میں سے اول، دوم پوزیشن لانے مساہمین کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔ اس کے بعد ’عصری تعلیم کا موجودہ نظام اور اس میں موجود دینی وشرعی خرابیاں:نقد وجرح‘ کے عنوان سے ایک دلچسپ علمی مکالمہ ہوا ،جس کے تحت تشکیک ولامذہبیت، مادیت پرستی ،نفس پرستی، عقل پرستی اور عصری نظام ونصاب میں پائی جانے والی مزید خرابیوں نیز عصری نظام کے متبادل پر مفصل اور باحوالہ روشنی ڈالی گئی ،مکالمہ پیش کنندگان میں مولوی محمد دلشاد دربھنگوی، مولوی عمار اخترسدھارتھ نگری ،مولوی محمد عمار ہردوئی ،مولوی محمد زید بجنوری ،مولوی محمد عارف کٹیہاری ،مولوی شفیع اللہ کبیرنگری ،مولوی محمد حذیفہ ممبئی اور مولوی محمود حسن مئوی شامل رہے۔ اجلاس میں ایک دلچسپ کوئز بھی پیش کیا گیا ،جس میں مولانا حفظ الرحمٰن سیوہاروی ؒ کی کتاب ’’اسلام کا اقتصادی نظام‘‘سے نیز پروگرام کے تعلق سے چند سوالات کیے گئے اور صحیح جواب دینے والے احباب کو بروقت مولانا بدرِ عالم میرٹھی ؒ کی چار جلدوں پر مشتمل 1600؍روپے قیمت کی کتاب’’ترجمان السنہ ‘‘انعام میں دی گئی ،اس فریضے کو مولوی محمد اسامہ ہردوئی اور مولوی عمار اختر سدھارتھ نگری نے احسن طریقے سے انجام دیا۔مکالمے اور کوئز کے بعد مدنی دارالمطالعہ کی شناخت اور اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام آواز کا سفر بہ عنوان ’یہودیوں کا سفر عیاریوں کی شاہراہ پر‘پیش کیا گیا ،جس میں قومِ یہود کی ذلت ومسکنت ،تکبر وسرکشی اور عیاری ومکاری کے تمام واقعات قرآن وحدیث اور نظم ونثر سے مرصع ومرتب کرکے پیش کیے گئے،اس پروگرام میں پیش کیے جانے والے تمام اشعار مدنی دارالمطالعہ ہی کے ایک فرد مولوی مصعب بنارسی کی محنت ،جدو جہد اور کاوش کا ثمرہ تھے ،مختلف آوازوں کے سنگم اور برمحل قرآنی آیات واحادیث واشعار کی پیوندکاری سے سامعین خوب محظوظ ہوئے ۔یہ پروگرام مولوی محمد اسامہ ہردوئی ،مولوی عمار اخترسدھارتھ نگری، مولوی معین گونڈی ،مولوی عبدالحکیم سدھارتھ نگری ،مولوی اسجد بہرائچی اور مولوی انضمام الحق بجنوری نے پیش کیا۔اس موقع پر اساتذہ کرام کا خطاب ہوااور طلبہ کے درمیان انعامات تقسیم کئے گئے۔ نظامت کے فرائض مولوی معین گونڈی ،مولوی طالب شمس جے پوری اور مولوی احمد دربھنگوی نے مشترکہ طور پر انجام دیئے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر