Latest News

پی سی ایس میں دیوبند کے نوجوان نے حاصل کی پہلی رینک، اول پوزیشن سے ایس ڈی ایم بن کر کیا شہر کا نام روشن، خاندان میں خوشی کا ماحول۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
کیرانہ ایسوسی ایشن دیوبند صدر راجیش گپتا کے بیٹے سدھارتھ گپتا نے یوپی پی سی ایس 2023ء میں پہلا مقام حاصل کرکے پوری ریاست اور ملک میں دیوبند کا نام روشن کیا ہے۔ سدھارتھ گپتا کے پہلی رینک کے ساتھ ایس ڈی ایم بننے پر شہر کے لوگوں کا سدھارتھ گپتا اور ان کے والد راجیش گپتا کو مبارکباد دینے کے لیے ان کی رہائش گاہ پر تانتا لگا ہواہے۔ 
منگل کی دیر شام جیسے ہی سدھارتھ کا نام پی سی ایس 2023 کے امتحان کے نتائج میں یوپی ٹاپر کے طور پر سامنے آیا تو خاندان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، راجیش گپتا کے بیٹے سدھارتھ گپتا نہ صرف تیسری کوشش میں ایس ڈی ایم بنے ہیں بلکہ پی سی ایس میں انہوں نے پہلا مقام حاصل کرکے دیوبند کا نام روشن کیا ہے۔ یہ خوشی خاندان کے لیے اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ خاندان نو ماہ کے اندر سدھارتھ گپتا کی دوسری کامیابی کا جشن منا رہا ہے۔ اس سے پہلے 7 اپریل 2023 کو اس نے یوپی پی سی ایس میں ساتویں رینک حاصل کی تھی۔ اس وقت وہ بجنور ضلع میں نائب تحصیلدار کے عہدے پر تعینات ہیں۔ بیٹے کی کامیابی پر گھر میں جشن کا ماحول ہے اور ہر کوئی سدھارتھ گپتا، اس کے والد راجیش گپتا اور ماں انجنا گپتا کو مٹھائی کھلا کر اس کی کامیابی پر مبارکباد دے رہا ہے۔اپنے بیٹے کی شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ریلوے روڈ دیوبند کے رہنے والے راجیش گپتا نے کہا کہ انہیں اپنے بیٹے کی کامیابی کا پورا یقین ہے۔ سدھارتھ کے گپتا نے شہر کے دون ویلی پبلک اسکول میں تعلیم حاصل کی اور انٹرمیڈیٹ کے بعد دہلی کے ہنس راج کالج سے ڈگری حاصل کی۔سدھارتھ گپتا نے بتایا کہ وہ سال 2018 سے تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس کامیابی کا سہرا اپنے خاندان کو دیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خاندان کی طرف سے مکمل تعاون حاصل رہا۔ جس کی وجہ سے وہ اس مقام تک پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی آئی اے ایس کی تیاری کریں گے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر