ریاض:حرمین شریفین میں زائرین کا دوران طواف یا زیارت سیلفی لینے یا ویڈیو بنانے میں مصروف رہنا ایک عام منظر ہے۔ اس سلسلہ میں انتظامیہ نے متعدد بار ہدایتیں جاری کی کہ زائرین اس عمل سے اجتناب کریں۔ اس سلسلہ میں حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے ایک مرتبہ پھر زائرین کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سلیفیوں میں مصروف رہنے کے بجائے اپنا وقت عبادات میں گزاریں۔
مقامی میڈیا کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’زائرین حرمین کے ماحول کو پروقار بنانے میں تعاون کریں۔شیخ عبد الرحمن السدیس نے مسجد نبویؐ میں زائرین کو پیش کی جانے والی خدمات کا جائزہ لینے کے دوران زائرین سے بات چیت کی ہے۔ انہوں نے مسجد نبویؐ کی زائر خواتین کو پردے کا اہتمام کرنے اور مردانہ علاقوں سے دور رہنے کے علاوہ خواتین کیلئے مقرر مصلوں تک خود کو محدود رکھنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے زائرین سے کہا ہے کہ مسجد نبویؐ کے آداب کا خیال رکھیں، بدعتوں کو ترک کریں اور صحیح عقیدہ اختیار کریں۔
0 Comments