Latest News

سعودی عرب: ریاض میں ہندوستانی سفارت خانہ میں یوم جمہوریہ پر تقریب و پرچم کشائی، بڑی تعداد میں انڈین کمیونٹی کی خواتین شامل ہوئیں۔

ریاض: سفارت خانہ ہند ریاض میں 75 ویں یوم جمہوریہ تقریب روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔سفارت خانہ میں سفیر ہند ڈاکٹر سہیل اعجاز خاں نے قومی ترنگا لہرا کر تقریب کا افتتاح کیا جس کے بعد انہوں نے صدر جمہوریہ ہند کا قوم کے نام دیا گیا پیام پڑھ کر سنایا۔اس موقع پر ڈاکٹر سہیل نے مہماناں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی یوم جمہوریہ تقریب کی خصوصیت اور اہمیت یہ ہے کہ ہم یہ تقریب دستور ہند اپنانے کے 75 ویں سال اور امرت کال میں یہ جشن منارہے ہیں۔ تقریب میں بہت بڑی تعداد میں شریک مرد و خواتین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سفیر ہند نے یہ بھی کہا کہ ملک ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن ہے۔
خطاب سے قبل ڈاکٹر سہیل نے ایمبیسی احاطہ میں نصب مہاتماگاندھی کے مجسمہ کی گلپوشی کی اور خراج پیش کیا۔ اس موقع پر رقص و قومی نغمات پر مشتمل ایک رنگارنگ کلچرل پروگرام بھی پیش کیا گیا جس میں انٹرنیشنل انڈین اسکول ریاض، انڈین پبلک اسکول ریاض اور انڈین کمیونٹی کی خواتین شامل تھیں۔ سعودی عرب میں جمعہ کی ہفتہ واری تعطیل کی وجہ سے تقریب میں کمیونٹی کی اتنی بڑی تعداد نے شرکت کی کہ ایمبیسی کا وسیع احاطہ تنگ دامنی کا شکوہ کر رہاتھا۔ مہمانان، سفارت کار اور کمیونٹی اراکین نے ایک دوسرے کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد دی۔


Post a Comment

0 Comments

خاص خبر