Latest News

اپنی ہی نہیں بلکہ پوری قوم وملت کی فکر کریں, دارالعلوم دیوبند میں ختم بخاری شریف کے موقع پرآخری درس دیتے ہوئے شیخ الحدیث مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی کاخصوصی خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
عظیم علمی دانش گاہ دارالعلوم دیوبند میں مہتمم و شیخ الحدیث مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے بخاری شریف کا آخری درس دیا اور طلبہ کو قیمتی نصیحتوں سے نوازتے ہوئے رقت آمیز دعاءکرائی،اس دوران سات طلبہ کا نکاح بھی پڑھایا۔
آخری حدیث پر گفتگو کرتے ہوئے مفتی ابوالقاسم نعمانی نے حضرت امام بخاریؒ کے فضل و کمال اور علم حدیث کے تعلق سے ان کے علمی کارناموں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ امام بخاریؒ نے ذخیرہ احادیث کی تلاش و جستجو اور اس کی حفاظت کے لئے دور دراز کے اسفار کئے اور اس عمل کے لئے اپنی زندگی وقف کردی۔
آخری درس دیتے ہوئے مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ طلبہ موجودہ زمانہ کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہیں۔ انہوں نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ علم کے ساتھ ساتھ زیور عمل سے بھی آراستہ ہوں۔ آج آپ ادارہ کی چہار دیواری سے نکل کر میدان عمل میں قدم رکھ رہے ہیں۔ اشاعت دین کی عظیم ذمہ داری اب آپ کے کاندھوں پر ہے، آپ کو مثبت انداز میں تبلیغ دین اور دعوت الی اللہ کا فریضہ انجام دینا ہے۔انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ حب مال اور حب جاہ سے بچیں، عہدے اور تنخواہ کے لیے لڑائی سے خود کو محفوظ رکھیں، سنت سے محبت اور توحید خالص کو لازم پکڑیں، اپنی ہی نہیں بلکہ پوری قوم اور ملت کی فکر کریں، موجودہ وقت میں ارتداد کے فتنے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں، ایمان میں ذرا سا تردد بھی بہت بڑا خسارہ ہے۔انہوں نے کہاکہ دینی تعلیم کے لیے مکاتب وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے، ہر فاضل دار العلوم کے لیے ضروری ہے کہ اپنے اپنے علاقے میں مکتب قائم کرے اور اسکولوں میں جانے والے طلبہ کے لئے بھی دینی تعلیم کا انتظام کریں اور ان کے لیے الگ سے وقت متعین کریں، خود کو عوام الناس کے لیے مثال بنا کر پیش کریں تاکہ وہ آپ کو دیکھ کر ہدایت و رہنمائی حاصل کریں، ایک عالم دین پورے علاقے کی اصلاح کر سکتا ہے اور معاشرے میں رائج بدعات و خرافات کا خاتمہ کر سکتا ہے۔
اس دوران مفتی ابوالقاسم نعمانی نے طلبہ کو مزید قیمتی پندو نصائح سے نوازا اور رقت آمیز دعائے کرائی۔ جس میںسخت سردی کے باوجود کثیر تعداد میں علماءطلبہ اور عوام نے شرکت کی۔ اس موقع پر سات طلبہ کے نکاح بھی پڑھائے گئے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر