Latest News

ڈاکٹر شاہد زبیری کی صحافتی و قلمی خدمات قابل تحسین ہیں، پریس ایسوسی ایشن دیوبند کے تحت منعقد ”باتیں-ملاقاتیں“ کی رسم رونمائی کی تقریب میں دانشوران کا اظہار خیال۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
پریس ایسوسی ایشن دیوبند کے تحت آج یہاں شیخ الہند ہال میں معروف صحافی شاہد زبیری کی مختلف و ممتاز شخصیات کے انٹرویوز پر مبنی ڈاکٹر عبید اقبال عاصم کی مرتب کردہ کتاب ”باتیں- ملاقاتیں“ کی رسم رونمائی علماء و دانشوران کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ اس دوران منعقد مذاکرہ بعنوان ’باتیں۔ملاقاتیں‘ کے دوران دانشوران نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد زبیری کی صحافتی خدمات کی تحسین کی۔ 
تقریب کی صدارت ممتاز قلمکار مولانا ندیم الواجدی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض معروف کالم نگار سید وجاہت شاہ نے انجام دیئے۔ مہمان خصوصی پروفیسر راحت ابرار( علی گڑھ مسلم یونیورسٹی) نے کہا کہ کتاب میں شامل تمام انٹرویو نہایت اہمیت کے حامل ہیں، اسلئے اس کتاب کو ڈیجیٹلائز کرکے اپنی کاوشوں کو دور تک پہنچانے کی سعی کرنی چاہئے۔ انہوں نے تعلیمی و ادبی اعتبار سے دیوبند و علیگڑھ کی شخصیات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ دیوبند و علیگڑھ تحریکات کے رشتے قائم رہنے چاہئیں۔ 
مہمان خصوصی اور اے ایم یو میں جرنلزم کے پروفیسر شافع قدوائی نے جرنلزم کے حوالہ سے اپنے خیالات پیش کرتے ہوئے کتاب سے متعلق ڈاکٹر عبید اقبال عاصم اور ڈاکٹر شاہد زبیری کی مشترکہ کوششوں کی ستائش کی۔ اس موقع پر”باتیں- ملاقاتیں“ کے مرتب اور یوپی رابطہ کمیٹی کے سکریٹری ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے کتاب کا تعارف پیش کیا۔ 
صدارتی خطاب میں مولانا ندیم الواجدی نے شاہد زبیری اور ڈاکٹر عبید اقبال عاصم کی کاوشوں کی ستائش کرتے ہوئے مبارک باددی ۔ انہوں نے دیوبند اور علیگڑھ کے رشتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دیوبند نے ہمیشہ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اور وہاں دی جانے والی تعلیم کو خوب سراہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مولانا قاسم نانوتوی ؒ کی وفات پر سر سید احمد خاں نے نہایت پر اثر تعزیتی تحریر لکھی تھی جو دیوبند اور علیگڑھ کے رشتوں کا بھی ثبوت ہے۔ ڈاکٹر جمیل مانوی نے کہا کہ شاہد زبیری ایک مستقل مزاج شخص ہیں۔ انہوں نے صحافتی میدان میں بہت محنت کی ہے، وہ قلم کے ذریعہ سے ارود ادب کی جو خدمت کر سکتے تھے انہوں نے اس میں کوتاہی نہیں کی۔ بلوسم اسکول سہارنپور کے پرنسپل رحمن عزیز نے منظوم مبارک باد پیش کی۔ صحافی غزالی خان (لندن) اور بدر کاظمی نے اس اہم کارنامہ پر ڈاکٹر شاہد زبیری و ڈاکٹر عبید اقبال عاصم کو مبارک باد دیتے ہوئے صحافت کی تاریخ پر روشنی ڈالی۔
اس دوران پریس ایسوسی ایشن دیوبند کی جانب سے ڈاکٹر شاہد زبیری کو شال اوڑھاکر اور مومنٹو پیش کرکے ان کا اعزاز کیاگیا۔ اس دوران ڈاکٹر شاہد زبیری نے تمام مہمانوں اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے طویل صحافتی سفر پر روشنی ڈالی۔ یہ تقریب سہیل صدیقی منیجر مسلم فنڈ دیوبند کی زیر نگرانی منعقد ہوئی۔
قبل ازاں پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ نعتیہ کلام سرور عثمانی نے پیش کیا۔ آخر میں پروگرام کنوینر سمیر چودھری اور عارف عثمانی نے تمام مہمانوں اور شرکاءشکریہ اداکیا۔ اس موقع سہیل صدیقی منیجر مسلم فنڈ دیوبند، سکریٹری عیدگاہ محمد انس صدیقی، ڈاکٹر فصیح صدیقی، سابق چیئرمین انعام قریشی، ڈاکٹر ایس اے عزیز، عبد الرحمن سیف، ساجد حسن، نجم عثمانی، سلیم احمد عثمانی، ماسٹر ممتاز، سلیم قریشی، عمر الٰہی، اسماعیل قریشی، شبلی اقبال، قاضی فرحان، خرم عثمانی نوید اقبال اعظم، اشرف عثمانی، فہیم اختر صدیقی، معین صدیقی، فہیم عثمانی، مشرف عثمانی، نوشاد عثمانی، خلیل خاں، انصار مسعودی، ڈاکٹر مہتاب آزاد، فیضی صدیقی، ارشد صدیقی اور شہر کی معزز شخصیات موجود رہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر