Latest News

دیوبند: گنےّ سے بھری ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آکر خاتون کی موت،۔پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیجا، اہل خانہ میں کہرام، ڈرائیور فرار۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
گنےّ سے بھری اوور لوڈ ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آکر ایک خاتون کی دردناک موت ہو گئی۔ مرنے والی خاتون اپنے بیٹے کے ساتھ بذریعہ بائک مظفر نگر دوا لینے کے لئے جا رہی تھی۔ تفصیل کے مطابق جمعہ کے روز دیوبند کے قریبی گاﺅں جھبیرن کے باشندہ واجد کی 48سالہ اہلیہ مہرانہ اپنے بیٹے صادق کے ساتھ بذریعہ بائک دوا لینے کے لئے مظفرنگر جا رہی تھی؛ لیکن جب وہ تروینی شوگر فیکٹری کے چوراہے کے قریب پہنچے تو اسی دوران وہاں سے گذرنے والی ایک تیز رفتار گنے سے بھری ٹریکٹر ٹرالی نے بائک کو اپنی زد میں لے لیا، جس کے نتیجے میں صادق اور اس کی والدہ دونوں شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ اس حادثہ میں شدید طور سے زخمی ہونے والی خاتون کو اس کے اہل خانہ دیوبند کے سرکاری اسپتال لیکر پہنچے، لیکن ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دے دیا۔ 

اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں گاﺅں کے لوگ جائے حادثہ پہنچ گئے۔ وہیں دوسری جانب اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور اس نے حادثہ کی تفصیلات معلوم کرنے کے بعد ٹریکٹر ٹرالی کو اپنے قبضہ میں لے لیا۔ پولیس نے بتایا کہ حادثہ کے فوراًبعد ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔پولیس نے حادثہ میں مرنے والی خاتون کی لاش کا پنچ نامہ بھر کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔حادثہ میں فوت ہونے والی خاتون کے بیٹے نے ٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیور کے خلاف پولیس کو تحریر دیکر کاروائی کئے جانے کا مطالبہ کیا۔ 
کوتوالی انچارج سنجیو چودھری نے بتایا کہ حادثہ میں ہلاک ہونے والی خاتون کے بیٹے کی تحریر کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیور کو گرفتار کرنے کے لئے دبش دی جا رہی ہے ۔اس حادثہ کی اطلاع ملنے کے بعد فوت ہونے والی خاتون کے اہل خانہ اور دیگر رشتہ دار بڑی تعداد میں دیوبند کے سرکاری اسپتال پہنچ گئے اور انہوں نے اس حادثہ کے ذمہ دار ٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیور کو گرفتار کرنے اور قانونی کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر