Latest News

ہلدوانی واقعہ کولیکر دیوبند میں اعلیٰ افسران مستعد، جمعہ کی نماز کے دوران شہر میں تعینات رہی پولیس، افسران نے کیا گشت۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں مسجد اور مدرسہ پر بلڈوزر کارروائی کے بعد دیوبند میںجمعہ کے روز اعلیٰ افسران مستعدرہے۔ ڈی آئی جی سمیت اعلی افسران نے پورے علاقہ کا دورہ کیا، جبکہ شہر کی تمام مساجد میں جمعہ کی نماز پرسکون اندازمیں ادا کی گئی، جس کے بعد انتظامیہ نے راحت کی سانس لی۔ 
واضح ہو کہ جمعہ کی نماز سے قبل ڈی آئی جی اجے کمار ساہنی کی قیادت میں مقامی انتظامیہ کے افسران دارالعلوم کے قریب واقع خانقاہ پولیس چوکی پر کیمپ کئے رہے۔ نماز کے دوران ڈی آئی جی کے علاوہ ایس پی دیہات ساگر جین، ایس ڈی ایم انکور ورما، سی او دیوبند اشوک سسودیا اور کوتوالی انچارج سنجیو کمار نے خانقاہ پولیس چوکی سے لیکر مرکزی جامع مسجد تک گشت کیا؛ تاکہ شرپسند عناصر کسی ناخوشگوار واقعہ کا باعث نہ بن پائیں، جبکہ دیوبند کی تمام مساجد میں معمول کے مطابق نماز جمعہ ادا کی گئی اور لوگوں نے نماز کے بعد ملک میں امن و امان کے لئے دعائیں کی۔ نماز سے فارغ ہوکر نمازی پرسکون انداز میں اپنے گھروں کو واپس چلے گئے، اس دوران خفیہ ایجنسیوں کے افسران بھی الرٹ رہتے ہوئے تمام حرکات و سکنات پر گہری نظر رکھی۔گشت کے دوران نگر شانتی و سرکشا سمیتی کے صدر انصار مسعودی، اترپردیش جن کلیان منچ کے صدر چودھری اوم پال سنگھ،جنید عثمانی، نظر فاونڈیشن کے صدر نجم عثمانی، انظر عثمانی، مولوی شہزاد قاسمی اور کفیل احمد وغیرہ موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر