Latest News

دیوبند پولیس نے کیا ادویات اسمگلنگ کرنے والے گروہ کا پردہ فاش، سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں بھیجی جارہی ملاوٹی اور غیر قانونی ادویات پکڑی، خاتون سمیت چار گرفتار۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
دیوبند پولیس نے ایک خاتون سمیت چار افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 12 لاکھ روپے سے زائد قیمت کی غیر قانونی طریقے سے لے جائی جا رہیں ملاوٹی ادویات برآمد کی ہیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق دیوبند پولیس نے ایک ایسے گروہ کا پردہ فاش کیا ہے جو سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں غیر قانونی طریقہ سے ملاوٹی دوائیاں ہندوستان سے لیجا کر فروخت کرنے کا کام کر رہا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے ادویات کے چار اسمگلروں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے متعدد ادویات برآمد کی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ضبط کی گئیں دواﺅں کی قیمت 12لاکھ روپے سے زائد ہے۔ 
دیوبند کے سی او اشوک سسودیا اور کوتوالی انچارج دھرمیندر گوتم کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم مقبرہ روڑ پر پل کے پاس چیکنگ کر رہی تھی کہ اسی دوران جھبریڑا کی جانب سے آنے والی ایک سفید رنگ کی ویگن آر گاڑی آتی ہوئی دکھائی دی، پولیس نے اس گاڑی کو روک کر تلاشی لی تو ان کی گاڑی سے غیر قانونی طریقہ سے بہت بڑی مقدار میں متعدد قسم کی ادویات بشمول کھانسی سیرپ برآمد ہوئیں، جس کے بعد پولیس نے گاڑی میں سوار شاہ نواز ولد مکرم باشندہ گاﺅں کمراڑی تھانہ منگلور ضلع ہریدوار، خالد ولد حنیف باشندہ انبیہٹہ شیخان تھانہ دیوبند، سلمان ولد مکرم باشندہ گاﺅں کمراڑی اور غزالہ اہلیہ رضاءالحق ساکن بجھیڑی ضلع مظفر نگر کو حراست میں لیا ہے۔ پولیس نے ضبط کی گئی ادویات کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی گاڑی سے چھ بیگ، نیو فینسا ڈرل کف سیرپ کی 192 شیشی اور پریگابلنگ کیپسول تقریباً 38ہزار برآمد کئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد کی گئیں دواﺅں کی کل قیمت 12لاکھ پچاس ہزار روپے سے زائد ہونے کا اندازہ ہے۔ ان برآمد ادویات کی چیکنگ پولیس نے سہارنپور میں موجود مظفر نگر کے میڈیسن معائنہ کار سے کرائی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے جیل بھیج دیا ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر