دیوبند: سمیر چودھری۔
دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہاکہ اپنے علم کو عمل کے سانچے میں ڈھال کر اخلاص و تقویٰ کے ساتھ حفاظت دین اور خدمت اسلام کے فرائض انجام دیں، اسلام کے پیغام کو اقصائے عالم میں عام کرنے کے لئے موجودہ وقت کے تقاضوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے حفاظت دین اور خدمت اسلام کے لئے جدید وسائل کو استعمال میں لاکر امت کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیں، حکمت کے ساتھ اسلامی طرزِ عمل پر اسلام کی دعوت کو امت کے ہر طبقہ تک پہونچائیں۔
مولانا محمد سفیان قاسمی آج ختم بخاری شریف و درس مسلسلا ت کی مناسبت سے دارالعلوم وقف دیوبند میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے حدیث تسلسل بالماءوالتمر کے فضائل و خصائص پر تفصیل سے گفتگو کر تے ہوئے طلبہ حدیث کو اجازت حدیث سے نوازا۔ادارہ کے شیخ الحدیث وصدرالمدرسین اپنی طبعی علالت کی بناءپر تشریف نہ لاسکے ۔جس کی بناءپر مولانا محمد سفیان قاسمی نے ہی بخاری شریف کا آخری درس دیا ، انہوں بخاری شریف کاآخری درس دیتے ہوئے کہا کہ امام بخاری کا اخلاص، تقویٰ اور للہیت ہی ہے کہ آج زمانہ اور عرصہ گذرجانے کے باوجود بخاری شریف کے مقام و مرتبہ میں کوئی کمی نہیں آئی، انتہائی خلوص کے ساتھ انہوں نے ضبط حدیث میں بھی احتیاط و تقویٰ کو بھرپور ملحوظ رکھا،آخری حدیث پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایک مسلمان تو میزان قول وعمل پر ایمان رکھتا ہی ہے لیکن آج کی سائنسی اکتشافات نے میزان قول وعمل کے تصور کوانسانی اذہان قریب تر کردیا ہے، انھوں نے کہا کہ امام بخاری کے تراجم ابواب کا ایک بڑا وصف احقاق حق و ابطال باطل ہے۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ روایتی طالب علم کے دور سے نکل رہے ہےں اور باضابطہ عالم کی حیثیت سے متعارف ہوں گے اس لئے قرآن و سنت اور حیات اکابر سے اپنا رشتہ مضبوطی کے ساتھ قائم کریں۔ انہوں نے طلبہ کو اس بات کی تلقین کی کہ اپنے اندر فکرنانوتویؒ پیداکریں اور علمائے دیوبند کے وصف خاص یعنی وصف اعتدال کو اپنی زندگی کے ہر زاویے میں اختیار کریں، نیز اپنے اندر خشیت الٰہی، تقویٰ اور خلوص و للہیت پیدا کریں اور ہمیشہ اس بات کو ملحوظ رکھیں کہ آپ ایک عظیم نسبت کے حامل ہےں لہٰذا اس نسبت کا لحاظ رکھتے ہوئے ادارہ کی نیک نامی کا ذریعہ بن کر مسلمانوں کی تعلیمی و معاشی بدحالی کا علاج اسلامی تعلیمات اور ان علوم کی روشنی میںتلاش کریں جنہیں آپ یہاں سے حاصل کرکے جارہے ہیں۔
اجلاس کا آغاز قاری محمد واصف کی تلاوت سے ہوا، نظامت کے فرائض مولانا مفتی محمد احسان قاسمی نے انجام دیئے، مولانا محمد سفیان قاسمی کی رقت آمیز پرسوز دعا پر اجلاس کا اختتام ہوا۔ اس موقع پر جملہ اساتذہ دارالعلوم وقف دیوبند کے علاوہ ملک کے مختلف حصوں سے تشریف لائے اہم مہمانان کرام بھی شریک رہے۔
0 Comments