مظفر نگر: سمیر چودھری۔
مدرسہ یاسینیہ سراج العلوم کھڈا ضلع مظفر نگر کے سالانہ اجلاس عام کی اختتامی نشست میں مولانا مفتی ابو القاسم نعمانی مھتمم و شیخ الحدیث دارالعلوم دیوبند کے دست مبارک سے حافظ ابوبکر اور حافظ محمود ابنِ مولانا حکیم الدین قاسمی جنرل سکریٹری جمعیتہ علماء ہند ، اور مدرسہ سے امسال فارغ ہونے والے19 حفاظ اور 5 حافظہ بچیوں کی دستار بندی عمل میں آئی ۔اس موقعہ پر حضرت والا نے فارغین اور عوام الناس سے ناصحانہ خطاب فرماتے ہوئے حافظ قرآن کی فضیلت پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے فرمایا کہ اللہ تعالی نے قرآن مجید کی حفاظت کا وعدہ کیاہے، یہی سبب ہے کہ چھوٹے چھوٹے بچوں کے سینوں میں اس کو محفوظ کرنا آسان بنادیا ہے ۔ہمارے شیخ و مرشد فرماتے تھے کہ بادشاہ وقت اگر کسی سے وعدہ کرلے کہ ہم تمہاری حفاظت کریں گے تو وہ خود تو حفاظت پر کھڑا نہیں ہو سکتا ،بلکہ قریبی اور معتمد کو اس کا م پر لگاتا ہے ۔ اس لیے جن لوگوں اللہ تعالی نے اس کام کے لیے چنا ہے ، وہ انتخاب سے ہی اللہ کا قرب حاصل کرلیتے ہیں ۔ اس کا مطلب صاف ہے کہ قرآن کی خدمت کرنے والے اللہ تعالی کے معتمد اور منتخب بندوں میں شامل ہیں ۔ انھوں نے فرمایا کہ اس میں حفظ کرنے والے طلبہ ہی نہیں بلکہ ادارے کے ذمہ داران ، معاونین اور متعلقین بھی شامل ہیں۔
اس موقع پر ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند مولانا حکیم الدین قاسمی نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ قرآن کی خدمت سے ہی اللہ تعالی اپنے بندوں کا درجہ دنیا و آخرت میں بلند فرماتا ہے ۔ قبل ازیں تشریف آوری کے موقعہ پر مدرسہ کے مھتمم قاری جعفر، گاؤں کے ذمّے داران، اساتذہ عظام کے علاوہ جمعیتہ یوتھ کلب کے نوجوانوں نے مولانا ابوالقاسم نعمانی اور مولانا حکیم الدی قاسمی کا والہانہ استقبال کیا۔اس موقع پر ناظم عمومی کے ہمراہ مولانا قاری احمد عبداللہ سکریٹری جمعیتہ یوتھ کلب، مولانا ازہر بن حضرت مولانا حکیم الدین قاسمی، محمد معاذ عابد محمودی میرٹھ اور محمد سلیم موجود رہے۔
0 Comments