Latest News

پاکستان عام انتخابات: پی ٹی آئی حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کو سب سے بڑی فتح، ن لیگ سربراہ نواز شریف کا سب سے بڑی پارٹی ہونے اور مرکز میں اتحادی حکومت بنانے کا اعلان۔

اسلام آباد: پاکستان  میں عام انتخابات میں پولنگ کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ عام انتخابات 2024 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی پارٹی پی ٹی آئی( پاکستان تحریک انصاف) کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 95 نشستیں لے کر سب سے آگے ہیں جب کہ (ن) لیگ 67 اور پیپلز پارٹی نے اب تک 52 نشستیں حاصل کی ہیں۔
اس کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان 15، مسلم لیگ (ق) 2، استحکام پاکستان پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام اب تک 2، 2 نشستیں حاصل کرچکی ہے جب کہ جماعت اسلامی اور بلوچستان عوامی پارٹی نے اب تک قومی اسمبلی میں کوئی نشست نہیں لی ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ابھی تک قومی اسمبلی کی 267 نشستوں میں سے 221 نشستوں کے حتمی نتائج کا اعلان کیا ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے عام انتخابات کے نتائج میں سب سے بڑی جماعت ہونے، دیگر سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کو ملک کیلئے ساتھ بیٹھنے کی دعوت دے دی۔
کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ عام انتخابات میں ن لیگ سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، ہم پر فرض بنتا ہے کہ اس ملک کو بھنور سے نکالیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب پارٹیوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، سب کا احترام کرتے ہیں چاہے وہ پارٹی ہے یا آزاد لوگ ہیں، ان کو بھی دعوت دیتے ہیں زخمی پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے آؤ ہمارے ساتھ بیٹھو، ہمارا ایجنڈا صرف اور صرف خوشحال پاکستان ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ سیاستدان، پارلیمنٹ،افواج پاکستان، میڈیا سب مل کر مثبت کردار ادا کریں، ملک میں استحکام کےلیے کم از کم دس سال چاہیے، پاکستان اس وقت کسی لڑائی کا متحمل نہیں ہوسکتا سب کومل کربیٹھنا ہوگا، معاملات طے کرنے ہونگے۔
نواز شریف نے سادہ اکثریت نہ ہونے پر اتحادی حکومت بنانے کا اعلان کیا اور کہا کہ ہم کسی سے موازنہ نہیں کرنا چاہتے، خوشی کی بات ہوتی اگر ہمیں پورا مینڈیٹ ملتا، جو جماعتیں انتخابات میں کامیاب ہوئی ہیں ان کوحکومت میں شامل ہونے کی دعوت دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان اور خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کا ٹاسک دیا ہے، انہیں مینڈیٹ دیا ہے کہ آج ہی سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں۔ 
خیال رہے کہ عام انتخابات 2024 کے اب تک کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 95 نشستیں لے کر سب سے آگے ہیں جبکہ (ن) لیگ 67 اور پیپلز پارٹی نے 52 نشستیں حاصل کی ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر