Latest News

پیغمبر اسلام حضورﷺ کی حیات طبیہ ہمارے لئے نمونہ ہے، جامعہ امام محمد انور شاہ دیوبند میں جلسہ ختمِ بخاری و دستار بندی کے موقع پر مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی کا خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
حسب روایت شب برات کے موقع پر معروف دینی ادارہ جامعہ امام محمد انور شاہ دیوبند میں ختم بخاری شریف کے اجلاس کاانعقاد کیاگیا۔
اس موقع پر مہتمم و شیخ الحدیث مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیا اور کہا کہ ہمارے لیے مقامِ مسرت یہ بھی ہے کہ شبِ برات جیسے بہترین موقع پر اس جیسی کتاب کی تکمیل ہو رہی ہے۔ یہ کتاب جو اس وقت آپ کے ہاتھوں میں ہے، ہر عہد کے بڑے بڑے علما کہتے آئے ہیں کہ کتاب اللہ کے بعد سب سے صحیح کتاب یہی ہے۔ امام بخاری نے جس شان اور اہتمام سے اس کتاب کو مرتب کیا وہ المزید اور المضاعف ہے۔ حضورﷺ کے اقوال کی وجہ سے یہ اور بھی مقبول ہوئی۔بے مثال محنت، تدین، تقویٰ اور اپنے اخلاص سے اس کو جمع کیا۔ اس کے لیے اپنی خوب صورت جوانی، اپنی طاقتیں اور پوری توانائیاں صرف کر دیں۔ مولانا احمد خضر نے کہا کہ یہ آخری حدیث سماعت فرمائیں، حضرت ابوہریرہؓ کہتے ہیں کہ حضورﷺ نے فرمایا: کلمتان حبیبتان الی الرحمن۔ یہ دو کلمے اللہ کو محبوب ہیں۔ خفیفتانِ علی اللسان، زبان پر ہلکے پھلکے ہیں۔ یہ کلام ہر آدمی ادا کر سکتا ہے۔ثقیلتان فی المیزان ترازو میں انتہا سے زیادہ بھاری ہوں گے۔ وہ دو کلمے یہ ہیں: سبحان اللہ و بحمدہ سبحان اللہ العظیم۔
مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی رسمی طالب علمی ختم ہو گئی، مگر ابھی سمندر میں نہیں اترے، ابھی ساحل پر کھڑے ہیں۔ اب یہاں سے اپنے آپ کو تیار کرنا ہے، حالات آئیں گے، آفتیں پریشان کرنا چاہیں گی، مگر آپ کو پامردی کا مظاہرہ کرنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ حضورﷺ کی حیات و طبیہ ہمارے لیے نمونہ ہے۔ ہمیں کسی سے بھیک مانگنے کی ضرورت نہیں ہے، اپنے کردار کو درست کریں، منزل آپ کی منتظر ہے، لوگ آپ کو دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالحق محدث دہلویؒ، شاہ عبدالعزیز محدث دہلویؒ نے کہا کہ ختمِ بخاری کے موقع پر دعا قبول ہوتی ہے۔ مولانا احمد خضر نے حالات حاضرہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ظلم اپنے عروج پر ہے، فلسطین میں چالیس ہزار لوگ شہید ہو چکے ہیں، یہ حالات ہیں، مگر ہمیں مایوس نہیں ہونا ہے۔ اللہ تعالیٰ مالکِ کن فیکون ہیں، وہ حالات کو بدلنے پر قادر ہیں۔ 
ادارہ کے صدر المدرسین مفتی وصی احمد بستوی نے کہا کہ تمام غیر مسلم ہماری توجہ کے مستحق ہیں، ان تک اسلام کی صحیح تعلیمات نہیں پہونچیں۔ ان کی غلط فہمی دور کرنے کی ضرورت ہے۔ جامعہ کے استاذِ حدیث و نائب ناظمِ تعلیمات مولانا سید فضیل احمد ناصری نے نظامت کے فرائض انجام دیا۔ اس موقع پر اساتذہ کے ہاتھوں طلبہ دورہ حدیث اور طلبہ افتا کی دستار بندی کی گئی۔ مولانا ابوطلحہ اعظمی، مفتی محمد نوید، مفتی نثار خالد دیناجپوری، مولانا حنیف، مولانا جمیل، مولوی حمدان شاہ مسعودی اور مولانا ثاقب دیوبندی، فرخ مصطفیٰ صدیقی، عبد اللہ عثمان دہلی، ڈاکٹر اذہان صدیقی اور دیگر بھی موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر