Latest News

گیان واپی مسجد کے بقیہ تہہ خانوں کا بھی سروے کرایاجائے، پوجا پاٹھ شروع ہونے کے بعد ہندو فریق کی عدالت سے ایس آئی سروے کی درخواست، گیان واپی احاطہ کا نیا نقشہ بنایا۔

وارانسی: وارانسی کے گیانواپی معاملے میں، عدالتی حکم کے بعد ویاس جی کے تہہ خانے میں پوجا شروع ہونے کے بعد ہندو فریق نے باقی تہہ خانوں کا بھی اے ایس آئی سروے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وارانسی کی عدالت میں درخواست دائر کی گئی ہے۔اس کیس کی سماعت منگل کو ہو سکتی ہے۔ درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام تہہ خانوں کا اے ایس آئی سروے کرایا جائے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ پہلے وہاں کیا تھا۔ اس سے پہلے 31 جنوری کو ضلع عدالت نے ریسیور کو حکم دیا تھا کہ وہ سات دنوں کے اندر ویاس جی کے تہہ خانے میں پوجا شروع کرنے کے انتظامات کرے۔ضلع عدالت کے حکم کے بعد ویاس جی کے تہہ خانے میں باقاعدہ پوجا ہو رہی ہے۔ یہاں اکھنڈ جیوتی بھی جلائی گئی ہے۔ مسلم فریق نے اس معاملے کو لے کر ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ مسلم فریق کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم پر عمل کرنے میں جلد بازی کی گئی ہے۔ یہی نہیں مسلم فریق کا یہ بھی الزام ہے کہ یہاں مورتیاں نصب کی گئی ہیں۔ویاس جی کے تہہ خانے میں پوجا سے متعلق مسلم فریق کی عرضی پر آج عدالت میں سماعت ہونے والی ہے۔ مسلم فریق کی جانب سے 1 فروری کو درخواست دائر کی گئی تھی۔ ہندو کی طرف سے آج اس پر اعتراض درج کیا جائے گا۔ گیانواپی کے تہہ خانے کے معاملے میں دونوں فریق اپنے دلائل پیش کریں گے۔ ویاس جی کے تہہ خانے میں باقاعدہ پوجا جاری ہے۔ اس کے علاوہ درشن اور پوجا بھی باہر سے آنے والے عقیدت مند کر رہے ہیں۔ اس معاملے کو لے کر مسلم فریق کی جانب سے ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس میں اس حکم کو اگلے 15 دنوں تک روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ گیان واپی میں واقع ویاس جی کے تہہ خانے سے متعلق کیس کی سماعت ہائی کورٹ میں چل رہی ہے اور تب تک حالات پہلے کی طرح ہی رہیں۔

گیان واپی احاطہ کا نقشہ بنایا
وارانسی: محکمہ آثار قدیمہ یعنی آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) کی ٹیم نے اپنے طور پر پہلی بار گیان واپی احاطہ کا ایک نقشہ بنایا ہے۔ اے ایس آئی کے مطابق جیمز پرنسپ اور دیگر نے جو نقشے بنائے تھے وہ کاشی کے لوگوں سے بات چیت پر مبنی نہیں تھے۔ نقشے تخیل کے مطابق بنائے گئے تھے جنہیں مستند نہیں کہا جا سکتا۔یہ پہلا موقع ہے جب گیان واپی کی لمبائی اور چوڑائی اور اس کے ڈھانچے کی سائنسی طریقہ استعمال کرتے ہوئے مستند تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔گیان واپی کی 839 صفحات کی سروے رپورٹ ضلع جج کی عدالت میں داخل کی گئی تھی۔ پلاٹ نمبر 9130 پر واقع گیان واپی کامپلکس کا نقشہ رپورٹ کی جلد نمبر 4 کے صفحہ نمبر 207 میں پیش کیا گیا ہے۔اس کے مطابق پہلی بار گیان واپی کامپلکس کا ملبہ صاف کرنے کے بعد جدید آلات کی مدد سے سائنسی طریقہ استعمال کرتے ہوئے نقشہ بنایا گیا ہے۔ ایسا پہلے نہیں ہوا تھا۔رپورٹ میں مرکزی ہال، ناردرن ہال، ایسٹ ویسٹ اور نارتھ سائوتھ کوریڈورز اور گیان واپی کے موجودہ ڈھانچے سے ملحقہ کمروں کی لمبائی اور چوڑائی کی اصل حالت کی تفصیل دی گئی ہے۔ سروے میں شامل آثار قدیمہ کے ماہرین کے مطابق ہم یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ تاریخ میں پہلی بار گیان واپی کا مستند نقشہ اے ایس آئی نے بنایا ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر