Latest News

راہِ خدا میں دل کھول کرخرچ کرنے کا اہتمام کریں: مفتی عفان منصورپوری، خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کی گئی رمضان کے دوسرے جمعہ کی نماز، مولانا سید ارشد مدنی نے بیان کی عشرہ ِثانی کی فضیلت، صدقۃ الفطر کی ادائیگی پر زور۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
ماہِ مبارک کے دوسرے جمعہ کو روزہ داروں نے دیوبند کی متعدد مساجد میں پہنچ کر نماز جمعہ ادا کی۔ دارالعلوم دیوبند کی مسجد چھتہ میں نماز جمعہ کے بعد جمعیۃ علماء ہند کے قائد اور معروف عالم دین مولانا سید ارشد مدنی نے اپنے خطاب کے دوران اللہ کی رحمت و مغفرت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے دوسرے عشرہ کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہاکہ یقینا انسان بڑاگناہ گار ہے لیکن اللہ رحمت و مغفرت بہت بڑی ہے اسلئے ہمیں گناہوں سے اجتناب کرکے اللہ کی رحمت طلب کرنی چاہئے، اللہ تعالیٰ بہت بڑارحمت و مغفرت کرنے والا ہے۔ مولانا مدنی نے کہاکہ رمضان کا دوسرا عشرہ مغفرت ہے اسلئے ہمیں اللہ کی عبادت و ریاضت کے ذریعہ اللہ کو راضی کرنا چاہئے اور اپنی مغفرت کرانی چاہئے۔ مولانا ارشد مدنی نے کثرت سے عبادت اور ذکر واذکار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے کام آنے والوں اور نیکی کے راستہ پر چلنے والوں کو ہی اللہ تعالیٰ دنیا اور آخرت میں اجر عظیم سے نوازتے ہیں۔

دارالعلوم دیوبند کی مسجد رشید میں معروف عالم دین مولانا مفتی سید عفان منصورپوری نے نماز جمعہ ادا کرائی ،بعد ازیںمفتی عفان منصورپوری نے اپنے خطاب کے دوران کہاکہ یکھتے دیکھتے ماہ مبارک رمضان کا پہلا عشرہ رخصت ہوا ، دوسرا عشرہ مغفرت شروع ہوچکا ھے اور وہ بھی تیزی کے ساتھ گزرجائے گا اسلئے ان لمحات کو غنیمت جانتے ہوئے بڑی قدردانی کے ساتھ گزارنے کی فکر و کوشش کرنی چاھئے۔
مفتی منصورپوری نے کہاکہ رمضان کے مبارک مہینہ میں دوسری عبادات کے ساتھ ساتھ صدقات و خیرات کی شکل میں راہ خدا میں دل کھولکر خرچ کرنے کا اھتمام کرنا چاھئے، ہر صاحب حیثیت مسلمان کو عید سے قبل اپنی اور اپنے گھر والوں کی جانب صدقہ فطر کی ادائیگی کو یقینی بنانا چاہئے، اللہ نے وسعت دی ھو تو منقی اور کھجور و کشمش وغیرہ کا حساب لگا کر صدقہ فطر ادا کرنا چاہئے، واضح رھے کہ منقے کے حساب سے 1750 روپئے چھوارے کے حساب سے 840 روپئے ، کشمش کے حساب سے 700 روپئے ، جو کے حساب سے 175 روپئے اور آٹے کے حساب سے 53 روپئے صدقہ فطر کی مقدار بنتی ھے۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا صدقے سے مال میں کمی نہیں آتی ، معاف کرنے سے عزت میں چارچاند لگ جاتے ھیں اور تواضع کی بنیاد پر اللہ پاک عزت و رفعت سے نوازتے ھیں۔وہیں دارالعلوم وقف دیوبند کی اطیب المساجد میں ادارہ کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نماز جمعہ ادا کرائی اور ملک و عالم میں سکون وسلامتی کے لئے دعاءکرائی۔ مرکزی جامع مسجد میں پیش امام نے نماز دوگانہ ادا کرائی۔ اس کے علاوہ جامع مسجد پٹھانپورہ ،مسجد خانقاہ،مسجد عالی شان،مسجد کمال شاہ،قاضی مسجد اور قدیم مسجد سمیت سبھی مساجد میں نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ نماز جمعہ ادا کی گئی اور ملک کی ترقی ،خوشحالی اور امن وسلامتی کی دعائیں کی گئیں۔
اس دوران کچھ مسجدوں میں نماز قبل خطیبوں نے روزہ اور نماز کی اہمیت بیان کرتے ہوئے رمضان المبارک میں کثرت سے عبادت کرنے کی نصیحت کی ۔وہیں دوسری جانب دیوبند کے قرب وجوار و دیہی علاقوں کی مساجد میں بھی نماز جمعہ اداکی گئی۔ نماز کے بعد روزہ داروں اور عقیدت مندوں نے دیوبند کے بازاروں میں پہنچ کر جم کر خریداری کی، جس سے بازاررونق رہے۔ میونسپل بورڈ کی جانب سے مساجد کے آس پاس صفائی اور چونا چھڑکنے کا اہتمام کیا گیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر