Latest News

خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کی گئی نماز دوگانہ، روزہ داروں نے مانگی دعائیں، سی اے اے کو لیکر مساجد کے باہر تعینات رہی پولیس فورس۔

 دیوبند: سمیر چودھری۔
رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کی نماز امن سکون کے ساتھ ادا کی گئی۔ نماز کے بعد روزہ داروں نے بارگاہ الٰہی میں ہاتھ اٹھا کر ملک میں امن و خوشحالی کی دعا کی۔ جمعہ کی نماز کے بعد شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کو لے کر کسی بھی قسم کے مظاہرے کے امکان کے پیش نظر پولیس انتظامیہ پوری طرح چوکس رہی۔
دارالعلوم کی رشیدیہ مسجد میں نماز جمعہ دارالعلوم دیوبند کے استاذ مولانا سلمان بجنوری نے پڑھائی۔ نماز کے بعد انہوں نے ماہ رمضان کی فضیلت اور روزے کی اہمیت بیان کی۔ بتایا کہ ماہ رمضان کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرا عشرہ مغفرت اور تیسرا عشرہ جہنم سے نجات کا ہے۔ اس لیے لوگوں کو چاہیے کہ بہت زیادہ دعائیں کر کے اپنے رب کو راضی کریں۔ آخر میں ملک میں امن، خوشحالی اور مسلمانوں کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔ 

شہر کی مرکزی جامع مسجد میں پیش امام، دارالعلوم کی مسجد قدیم میں پیش امام اور چھتہ مسجد میں مفتی عفان منصورپوری نے نماز جمعہ ادا کرائی۔ ان کے علاوہ روزہ داروںنے شہر اور دیہی علاقوں کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں نماز جمعہ ادا کی جس کے بعد وہ پرامن طور پر اپنے گھروں کو لوٹ گئے۔ تاہم نماز جمعہ کے بعد سی اے اے کے خلاف کسی بھی قسم کے احتجاج کے امکان کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس انتظامیہ پوری طرح تیار رہی۔ شہر کی تمام بڑی مساجد اور چوراہوں پر پولیس فورس تعینات کر دی گئی۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ دیہی اجے جین مقامی عہدیداروں کے ساتھ دارالعلوم علاقہ میں گشت کرتے رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر