Latest News

دیوبند چیئرمین کے رمضان میں خصوصی انتظامات کے دعوے نکلے ہوائی، اسٹریٹ لائٹیں خراب، روزہ داروں کو پریشانی۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
میونسپل بورڈ کے چیئرمین وپن گرگ کی جانب سے رمضان المبارک کے مہینہ میں خصوصی انتظامات ، صفائی ستھرائی، گلیوں اور سڑکوں پر بہتر بجلی روشنی کا انتظام اور پانی سپلائی کئے جانے کے پختہ انتظامات کے دعوی ہوائی ثابت ہو رہے ہیں، کیونکہ شہر کے کئی محلوں کی اسٹریٹ لائٹ خراب پڑی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے روزہ داروں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اس کے علاوہ ناکارہ سولر لائٹ کو ٹھیک کرنے کے بھی کوئی آثار نہیں ہیں۔ واضح ہو کہ تین یوم قبل میونسپل بورڈ کے چیئرمین نے بورڈ ملازمین کی ایک میٹنگ طلب کر کے رمضان کے مہینہ میں اسٹریٹ لائٹ ، پینے کے پانی کی بہتر سپلائی اور صفائی ستھرائی رکھنے کے خصوصی اتنظامات کئے جانے کے احکامات دیئے تھے۔ لیکن مذکورہ احکامات پر آج تک کوئی عمل نہیں ہو سکا ، جس کی وجہ سے صفائی ستھرائی ، پانی کی سپلائی اور روشنی بجلی کے انتظامات میں کوئی بہتری نہیں ہو پائی ہے، نتیجتاً روزہ داروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محلہ کولہ بستی، خانقاہ، بھائیلہ روڑ، پٹھان پورہ، بیریان، مٹکوٹہ اور دیگر مقامات پر کھمبوں پر لگی اسٹریٹ لائٹیں خراب پڑی ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے تراویح کے بعد اور صبح سویرہ فجر کی نماز ادا کرنے والے روزہ داروں کو اندھیرے کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس اندھیرے میں سڑک پر موجود آوارہ کتے نمازیوں پر حملہ کر دیتے ہیں، اسکے علاوہ میونسپل بورڈ کی جانب سے لگائی جانے والی متعدد مقامات کی سولر لائٹیں بھی ناکارہ پڑی ہوئی ہیں۔ ان حالات کے پیش نظر دیوبند کی عوام خاص طور پر روزہ داروں نے چیئرمین سے مذکورہ تمام انتظامات کو بہتر بنانے کامطالبہ کیا ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر