دیوبند: سمیر چودھری۔
سہارنپور ضلع الیکشن افسر ڈی ایم ڈاکٹر دنیش چندرا نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات پرامن طریقے سے کرانے کے لئے ٹھوس انتظامات کئے گئے ہیں۔ سہارنپور لوک سبھا سیٹ میں ضلع میں پانچ اسمبلی حلقے ہیں اور دو اسمبلی حلقے، کیرانہ لوک سبھا سیٹ شامل ہیں۔ پچھلی بار امیدوار کے اخراجات کی حد 70 لاکھ روپے تھی، جب کہ اس بار یہ 95 لاکھ روپے ہوگی۔ امیدوار کو تمام اخراجات کی تفصیلات کمیشن کو دینا ہوں گی۔ نقد ادائیگی 10 ہزار روپے تک کی جا سکتی ہے۔ اس سے زیادہ ادائیگی چیک، ڈی ڈی یا آن لائن موڈ کے ذریعے کی جائے گی۔ انتخابات کو خوش اسلوبی سے کرانے کے لیے ضلع کو 22 زون اور 216 سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ کلکٹریٹ واقع نئے آڈیٹوریم میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ الیکشن کا نوٹیفکیشن 20 مارچ کو جاری کیا جائے گا۔ کاغذات نامزدگی کی آخری تاریخ 27 مارچ ہوگی، کاغذات نامزدگی واپس لینے کی مدت 30 مارچ تک ہوگی۔ ووٹنگ 19 اپریل کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔ انتخابات کو پرامن اور شفاف بنانے کے لیے فلائنگ اسکواڈز کے ذریعے صبح سے چیکنگ مہم شروع کر دی گئی ہے۔
ضلع میں 63 فلائنگ اسکواڈ تشکیل دیے گئے ہیں۔ عام امیدواروں کے لیے 25 ہزار روپے اور درج فہرست ذات کے امیدواروں کے لیے یہ ساڑھے بارہ ہزار روپے ہے۔ نامزدگی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی عدالت میں ہوگی۔ پولنگ پارٹیوں کی روانگی جنتا روڈ پر واقع CWC احاطے سے ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی بھی وہیں ہوگی۔ افواہی، جھوٹی اور پیڈ نیوز پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ ضلع میں 1377 پولنگ مقامات پر ویب کاسٹنگ کی جائے گی۔ اس دوران ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر ارچنا دویدی، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ فائنانس اینڈ ریونیو رجنیش کمار مشرا، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر دلیپ کمار گپتا وغیرہ موجود تھے۔واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات میں ضلع میں پہلی بار 18 سے 19 سال کی عمر کے 40677 نوجوان ووٹ ڈالیں گے، جبکہ 80 سال سے زیادہ عمر کے 36843 ووٹر بھی امیدواروں کو آشیرواد دیں گے۔ ضلع میں سروس ووٹرز کی تعداد 4036 ہے۔ضلع کی پانچ اسمبلی سیٹیوں پر قریب 26لاگھ ووٹر ہیں جبکہ دو سیٹوں گنگوہ اور نکوڑ میں دس لاکھ ووٹر ہیں۔
0 Comments