Latest News

عیدگاہ دیوبند میں صبح سات بجے ادا کی جائیگی نمازِ عیدالفطر، ۴۶ روپیہ صدقۃ الفطر کا اعلان، سڑکوں پر نماز نہ پڑھنے کی اپیل۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
عیدگاہ دیوبند میں نماز عیدالفطر کی ادائیگی صبح سات بجے ہوگی۔ اس مناسبت سے آج عیدگاہ وقف کمیٹی ایک میٹنگ کا انعقاد شیخ الہند ہال میں کیاگیا، جس میں صدقۃ الفطر اور عیدگاہ کے امور سے متعلق اہم تجاویز منظورکی گئیں۔ ڈاکٹر انور سعید کی صدارت میں منعقد میٹنگ میں عیدگاہ وقف کمیٹی کے سکریٹری محمد انس صدیقی نے عیدگاہ میں نماز عیدکی ادائیگی کا وقت تعین کرنے کی تجویز پیش کی، ارکان کمیٹی نے موسم اور عوام کی سہولت کے مدنظر اتفاق رائے سے صبح سات بجے عیدالفطر کی نماز کا وقت طے کیا۔ میٹنگ کے دوران عیدگاہ سے متعلق دیگر مسائل پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

اس دوران کمیٹی کے صدر مولانا محمد سفیان قاسمی اور سکریٹری محمد انس صدیقی نے تمام لوگوں سے سرکاری گائیڈ لائن کے مطابق عیدگاہ کے احاطہ کے اندر ہی نماز عید ادا کرنے کی اپیل کی، انہوں نے کہاکہ سڑکوں پر عیدکی نماز ادا نہ کریں بلکہ عیدگاہ کے اندر یا دیگر مساجد میں عیدکی نماز ادا کریں، اس سلسلہ میں سرکار کی جانب سے بھی سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انس صدیقی نے ارکان کمیٹی کو بتایاکہ دارالعلوم دیوبند کے فتویٰ کی روشنی میں اس سال ایک آدمی کا فطرہ مبلغ چھیالیس(46) روپیہ ادا کیاجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ عیدگاہ میں نماز عید کی ادائیگی کے وقت اور فطرہ کی رقم سے متعلق عیدگاہ کمیٹی کی جانب سے دیوبند اور قرب و جوار میں اعلان کرایا جائےگا۔
سکریٹری عیدگاہ نے عیدگاہ میں دیگر امور کے متعلق بھی ارکان کمیٹی کو آگاہ کیا۔ اس دوران عیدگاہ کے کاموں سے متعلق تجاویز کواتفاق رائے منظوری دی گئی۔ مولانا محمد سفیان قاسمی کی دعاء پر میٹنگ اختتام پذیر ہوئی۔ میٹنگ میں عیدگاہ کمیٹی کے تمام ممبران نے شرکت کی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر