Latest News

آخری دن پرینکا گاندھی کے روڈ شو میں امڈی زبردست بھیڑ، سہارنپور لوک سبھا امیدوار عمران مسعود کی حمایت میں کیا روڈ شو، پی ایم مودی پر سخت تنقید۔

  دیوبند/سہارنپور: سمیر چودھری۔
آج کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی سہارنپور لوک سبھا امیدوار عمران مسعود کی حمایت میں روڈ شو کرنے سہارنپور پہنچیں۔ اس دوران انہوں نے بی جے پی پر جم کرطنز کیا، روڈ شو میں زبردست بھیڑ تھی جس کے سبب پرینکا گاندھی کافی خوش نظر آئیں۔ اس کے ساتھ ہی پہلے دور کی ووٹنگ کے لیے تشہیری مہم ختم ہو گئی، یوپی کے سہارنپور، کیرانہ، مظفر نگر، بجنور، مرادآباد، نگینہ، رامپور اور پیلی بھیت لوک سبھا سیٹوں پر پہلے مرحلہ کے تحت 19 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ 
آج آخری دن کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بدھ کو سہارنپور کے گول کوٹھی سے قطب شیر تھانے تک روڈ شو کیا۔ پرینکا گاندھی نے تقریباً ایک گھنٹے سے زائد تک جاری رہنے والے روڈ شو میں تقریباً 12 منٹ انہوں نے عوام سے خطاب بھی کیا، اس دوران پرینکا گاندھی نے مودی پر خوب طنز کیا۔ پرینکا نے کہا کہ یہ ملک طاقت کی نہیں سچ کی پوجا کرتا ہے اور مودی سچ کی نہیں طاقت کی پوجا کرتے ہیں۔ اس دوران پرینکا گاندھی نے کانگریس امیدوار عمران مسعود کی حمایت میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔ کانگریس کی جانب سے آج پرینکا گاندھی اس لوک سبھا انتخابات میں مغربی یوپی میں پہلی بار انتخابی مہم کے میدان میں پہنچیں۔ روڈ شو کے دوران پرینکا گاندھی نے رام نومی کو بھی یاد کیا اور کہا کہ بھگوان رام نے بھی سچائی کی جنگ لڑی تھی۔ جب راون ان کے خلاف لڑنے آیا تو راون کے پاس تمام طاقت تھی، لیکن بھگوان رام نے نو روز اپواس رکھ کر طاقت حاصل کی۔ اس کے بعد راون سے لڑائی ہوئی اور سچ کی جیت ہوئی۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ نریندر مودی نے چھوٹے تاجروں، غریبوں اور مزدوروں کے لیے کچھ نہیں کیا اور اڈانی امبانی کا 16 لاکھ کروڑ روپے کا قرض معاف کر دیا۔ بی جے پی حکومت نے ہمیشہ امیروں کی جیبیں بھری ہیں، غریبوں کو کچھ نہیں ملا تو بی جے پی الیکٹرول بانڈ اسکیم بھی لے آئی تھی اور اس فہرست کے نام خفیہ رکھنا چاہتی تھی لیکن جب سپریم کورٹ نے نام ظاہر کرنے کا حکم دیا تو بی جے پی بے نقاب ہوگئی۔ جو کمپنی 180 کروڑ روپے کا منافع کما رہی ہے وہ بی جے پی کو 1100 کروڑ روپے دے رہی ہے۔ آخر یہ پیسہ کہاں سے آرہا ہے؟ مودی نے کالا دھن لانے کو کہا تھا کیا آیا، جی ایس ٹی آیا جس نے تاجروں کی کمر توڑ دی۔ سہارنپور کے لوگوں کا لکڑی کا کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا۔ ایک وقت تھا جب یہاں سے لکڑی کی بڑی تعداد میں مصنوعات برآمد کی جاتی تھیں وہ بھی مودی حکومت میں بند ہو گئیں۔ میں عوام سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ ایس پی-کانگریس اتحاد کے امیدوار بھائی عمران کو بھاری ووٹوں سے کامیاب بنائیں۔ 19 اپریل کو زیادہ سے زیادہ ووٹ ڈالیں۔ 
اس بار لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کا کوئی بڑا اسٹار پرچارک ابھی تک ضلع میں نہیں آیا ہے۔ پہلی بار کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کانگریس امیدوار عمران مسعود کی حمایت میں روڈ شو کرنے آئیں، لیکن روڈ شو میں زبردست بھیڑ دیکھ کر وہ کافی خوش نظر آئیں۔ کانگریس کے ضلع ترجمان گنیش دت شرما نے بتایا کہ پرینکا گاندھی سرساوا ایئر فورس اسٹیشن پہنچیں اس کے بعد سہارنپور کی گولی کوٹھی سے روڈ شو شروع ہوا۔ یہ روڈ شو رائے والا، جے بی ایس انٹر کالج، کمبوہ کا پل، رنگاڈو کا پل اور قطب شیر سے ہوتا ہوا گرو سنگھ سبھا گوردوارہ، لکڑی بازار پر اختتام پذیر ہوا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر